ستیش شرما نے جموںوکشمیرکی ترقی میں جدید ٹرانسپورٹ ، سیاحت اور اختراع کے کردار پر زور دیا

ستیش شرما نے جموںوکشمیرکی ترقی میں جدید ٹرانسپورٹ ، سیاحت اور اختراع کے کردار پر زور دیا

سری نگر//وزیر برائے خوراک، شہری رسدات و اَمورِ صارفین ، اِنفارمیشن ٹیکنالوجی، امورِ نوجوانان و کھیل کود، ٹرانسپورٹ اور سائنس و ٹیکنالوجی محکمہ جات ستیش شرما نے جموں و کشمیر کی اِقتصادی تبدیلی میں جدید ٹرانسپورٹ، سیاحت کے فروغ، اختراعات اور صنعت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔وزیر ٹرانسپورٹ سری نگر کنٹری سائیڈ ریزورٹ میں سٹار ورلڈ وینچرز کی جانب سے متعارف کئے گئے وولوو بسوں کے بیڑے کی اِفتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اِس اَقدام سے ٹرانسپورٹ کی سہولیات کو مضبوط بنانے، سیاحوں کی آواجاہی کو بہتر بنانے اور جموں و کشمیر بھر میں رابطے کو بڑھانے کی اُمید ہے۔اُنہوں نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاحت کو فروغ دینے، تجارت کو آسان بنانے اور اِقتصادی ترقی کو تیز کرنے کے لئے عالمی معیار کا ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر ضروری ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ معیاری اور جدید سفری خدمات کے آغاز سے نہ صرف سیاحوں بلکہ مقامی باشندوں کے سفر کا تجربہ بہتر ہوگا بلکہ جموں و کشمیر کے سیاحتی شعبے کی دیرپا ترقی میں بھی مدد ملے گی۔ تقریب میں ممبر قانون ساز اسمبلی عید گاہ مُبارک گُل، سینئر سرکاری اَفسران، سیاحت اور کاروباری شعبوں کے نمائندگان اور چیمبر آف کامرس اینڈ اِنڈسٹریز کشمیر (سی سی آئی کے) کے اراکین نے شرکت کی۔اِس موقعہ پر جوائنٹ ڈائریکٹر ٹورازم وسیم راجا، ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر سری نگر قاضی عرفان، ایس ایس پی ٹریفک سری نگر سٹی اعجاز احمد اورسی سی آئی کا ایک وفدصدر طارق گنائی کی قیادت میں موجود تھے ۔وفد میں سینئر نائب صدر حسین خان، جونیئر نائب صدر ڈاکٹر عمران، چیف کوآرڈی نیٹر عاشق بٹ، کنوینر عمر جان، جوائنٹ سیکرٹری عاطف، یوتھ صدر زُبیر اور دیگر عہدیداران بھی شامل تھے۔وزیرموصوف نے جدید ٹرانسپورٹ سہولیات متعارف کرنے پر منتظمین کی کوششوںسراہااور ٹرانسپورٹ بنیادی ڈھانچے کو مزید بہتر بنانے ، دیرپا سیاحت کو فروغ دینے اور اہم ترقیاتی شعبوں میں نجی شعبے کی شراکت داری کی حوصلہ اَفزائی کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔بعد میں تیش شرما نے شیر کشمیر پارک سری نگر میں منعقدہ ’’رنگِ کشمیر‘‘ نمائش کا دورہ کیااور اُنہوں نے وہاں مقامی مصنوعات، دستکاریوں، اختراعات اور جموں و کشمیر کے بھرپور ثقافتی ورثے کی نمائش کرنے والے صنعت کاروں، ہنرمندوں، سٹارٹ اپس اور نمائش کنندگان سے بات چیت کی۔اُنہوں نے اِقتصادی سرگرمیوں اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے شُرکأ کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ صنعت کاری، اختراعات اور ٹیکنالوجی پر مبنی اقدامات جموں و کشمیر کی ترقی کے طاقتور محرکات کے طور پر اُبھر رہے ہیں۔ اُنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایسا معاون ماحول فراہم کیا جائے جس سے نوجوان صنعت کار اور اختراع کار اپنے خیالات کو کامیاب کاروباری منصوبوں میں تبدیل کر سکیں۔وزیر موصوف نے اِنفارمیشن ٹیکنالوجی اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے اختراعیت، مہارتوں کی ترقی، سٹارٹ اپس اور صنعت کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔ اُنہوں نے نوجوانوں کے لئے ٹیکنالوجی کے فروغ، ڈیجیٹل بااختیاری اور صلاحیت سازی کے اقدامات کو سہولیت فراہم کرنے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔اُنہوںنے مقامی کاریگروں ، سٹارٹ اپس اور چھوٹے کاروباروں کو قومی اور عالمی منڈیوں میں مؤثر مقابلے کے قابل بنانے کے لئے انہیں بہتر مارکیٹ رَسائی اور اِدارہ جاتی مدد فراہم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ستیش شرما نے ایک ترقی پسند اور خود کفیل جموں و کشمیر کے لئے حکومت کے ویژن کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بنیادی ڈھانچے ، اختراعات ،نوجوانوں کو بااختیار بنانے اوراَنٹرپرینیورشہ میں دیرپا سرمایہ کاری صنعت کاری میں نئے مواقع پیدا کرنے اور پورے جموں و کشمیر میں جامع سماجی و معاشی ترقی کو یقینی بنانے میںاہم کردار اَدا کرے گی۔اُنہوں نے صنعتی اِداروں، صنعت کاروں اور سول سوسائٹی سمیت تمام شراکت داروںپر زور دیاکہ وہ ایک مضبوط، خوشحال اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ جموں و کشمیر کی تعمیر کے لئے اجتماعی طور پر کام کریں۔