ستیش شرما نے ’ اَنسنگ ایوری ڈے ہیر وز ایوارڈز 2026 ‘ میں بے لوث خدمت کے کلچر پر زور دیا

ستیش شرما نے ’ اَنسنگ ایوری ڈے ہیر وز ایوارڈز 2026 ‘ میں بے لوث خدمت کے کلچر پر زور دیا

جموں//وزیر برائے خوراک، شہری رسدات و امورِ صارفین، ٹرانسپورٹ، اَمورِنوجوان و کھیل کود ، اِنفارمیشن ٹیکنالوجی محکمہ جات ستیش شرما نے بے لوث خدمت کے جذبے کو سراہتے ہوئے ایک ہمدرد اور مضبوط معاشرہ تعمیر کرنے کے لئے اِجتماعی عزم کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیرموصوف ’آرٹ آف لیونگ‘کی جانب سے منعقدہ’ اَنسنگ ایوری ڈے ہیروز ایوارڈز 2026‘ (جموں و کشمیر، لداخ) کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس کا مقصد اُن اَفراد اور اداروں کو تسلیم کرنا اور خراجِ تحسین پیش کرنا ہے جو خاموش ی کے ساتھ مگر مؤثر انداز میں معاشرے کی خدمت کر رہے ہیں۔ یہ پہل ایک سالانہ روایت کے آغاز کی بھی علامت ہے جس کے تحت نچلی سطح پر کام کرنے والے سماجی خدمت گزاروں کو اعزاز دیا جائے گا اور خدمت و ہمدردی کے کلچر کو فروغ دیا جائے گا۔تقریب میں رُکن اسمبلی چنانی بلونت سنگھ منکوٹیہ، سٹیٹ الیکشن کمشنر شانت منو، معزز مہمانان، سماجی کارکنان اور خطے بھر سے آئے ہوئے ایوارڈ یافتگان نے شرکت کی۔اُنہوںنے اِس بات پرزور دیا کہ معاشرے کی اَصل طاقت محض پالیسیوں اور پروگراموں میں نہیں بلکہ لوگوں کی اقدار اور ارادے میں پنہاں ہے۔ اُنہوں نے کہا،’’کوئی بھی سرکاری سکیم اکیلے معاشرے کو تبدیل نہیں کر سکتی،حقیقی تبدیلی اِنسانی دل کی تبدیلی سے شروع ہوتی ہے۔‘‘ستیش شرما نے نوجوانوں میں منشیات کے اِستعمال کے بڑھتے ہوئے چیلنج کو اُجاگر کرتے ہوئے اسے جموں و کشمیر کو درپیش سنگین ترین خطرات میں سے ایک قرار دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ صرف قانون عملانے سے اس ناسور پر قابو نہیں پایا جا سکتا بلکہ اقدار پر مبنی مداخلت، بیداری اور کمیونٹی کی شمولیت نہایت ضروری ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا،’’جس نوجوان کے پاس مقصد ہو، وہ فرار تلاش نہیں کرتا۔ اصل حل نوجوانوں میں اعتماد، سمت اور اندرونی طاقت بحال کرنے میں ہے۔‘‘اُنہوںنے گورودیو شری شری روی شنکر اور ’دی آرٹ آف لیونگ‘ کی دُنیا بھرپر ذہنی صحت، سماجی ہم آہنگی اور انسانی اقدار کے فروغ کے لئے مستقل کوششوں کو سراہا۔ اُنہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے پروگرام، فلاحی سرگرمیاں اور کمیونٹی آؤٹ ریچ جیسے اقدامات نوجوان ذہنوں کو مثبت سوچ اور مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔وزیر نے بے لوث خدمت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ حقیقی خدمت کسی صلے یا پہچان کی طلبگار نہیں ہوتی بلکہ ہمدردی اور فرض سے چلتی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ آج کے اس دور میں جب اِنفرادیت پسندی اور سوشل میڈیا کی نمائز کا رُجحان بڑھ رہا ہے۔خاموش خدمت کی اہمیت اور بھی بڑھ گئی ہے۔ستیش شرما نے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے سے کہا کہ نوجوانوں کو بااِختیار بنانا، سماجی ذمہ داری کو فروغ دینا بالخصوص آئی ٹی، کھیل اور فلاحی شعبوں میں جدت پر مبنی ترقی کو آگے بڑھانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اس طرح کے پلیٹ فارم شہریوں کو بالخصوص نوجوانوں کو معاشرے میں بامعنی کردار ادا کرنے کی تحریک دیتے ہیں۔تقریب میں کئی ’انسنگ ہیروز‘ کو اعزازات سے نوازا گیا جن کی خدمات اور لگن جموں و کشمیر اور لداخ بھر کی کمیونٹیوں کو متاثر کرتی رہتی ہے۔