ریاستی کانگریس کمیٹی جموں و کشمیر نے ملک کے پہلے وزیر عظم کو یاد
سری نگر//ریاستی کانگریس کمیٹی جموں و کشمیر نے سابق وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کو ان کی 133 ویں یوم پیدائش پر یاد کیا۔ ملک کے پہلے وزیر اعظم کو ایک وڑنری، جدید ہندوستان کا معمار قرار دیتے ہوئے کمیٹی نے انہیں قوم کے لیے ان کی خدمات کے لیے یاد کیا۔کشمیر نیوز سروس کے مطابق یہ تقریب ضلع کانگریس کمیٹی جموں اربن اور جموں دیہی کی جانب سے ریاستی کانگریس ہیڈکوارٹر جموں کے شہیدی چوک میں منعقد کی گئی جس کی صدارت ریاستی صدر وقار رسول نے کی۔ کارگذار صدر رمن بھلا، سابق وزراء مولا رام، یوگیش ساہنی، ہری سنگھ چب، رویندر شرما اور دیگر قائدین، کارکنان نے شرکت کی۔ سابق وزیر اعظم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ریاستی صدر وکار رسول نے کہا کہ پنڈت جواہر لال نہرو نے ملک کی جدوجہد آزادی میں اہم رول ادا کیا اور جدید ہندوستان کی بنیاد رکھی۔ پنڈت جواہر لال نہرو نے ایک جمہوری، سیکولر، ترقی پسند ہندوستان کی بنیاد رکھی۔ نہرو کو جدید ہندوستان کا معمار بھی کہا جاتا ہے۔رسول نے کہا کہ حکمران جماعت اور اس کے اتحادی تاریخ کے حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کر رہے ہیں لیکن ملک کے تئیں پنڈت نہرو کے تعاون کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پنڈت نہرو نے جموں و کشمیر کے ہندوستان کے ساتھ انضمام میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ کے حقائق کو غلط طریقے سے پیش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن عوام گمراہ ہونے والے نہیں ہیں۔ قائم مقام صدر رمن بھلا نے نہرو کو ایک عظیم رہنما اور جدید ہندوستان کا معمار قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مفاد پرست سیاسی مفادات کے لیے تاریخ کے حقائق سے کھیل رہے ہیں لیکن وہ اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ چیف ترجمان رویندر شرما نے سابق وزیر اعظم پنڈت نہرو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کو ترقی کی راہ پر لانے میں نہرو کا کردار اہم تھا۔










