LOC

رام گڑھ سیکٹرمیں پکڑے گئے پاکستانی شہری کی واپسی

ضلع سانبہ میں سرحد کے کئی نزدیکی علاقوں میں فورسزکی تلاشی کارروائی

جموں//سانبہ ضلع میں منگل کے روز بین الااقوامی سرحد پر گرفتار کئے گئے پاکستانی شہری کوگرفتاری کے کچھ گھنٹے بعدہی واپس بھیج دیاگیا،تاہم جموں وکشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ نے سیکورٹی فورسزکیساتھ ملکر اس پورے علاقے میں تلاشی کارروائی شروع کردی ہے ۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق ایک پاکستانی شہری، جسے بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف)کے اہلکاروںنے منگل کے روز بین الاقوامی سرحدپر گرفتار کیا تھا،کو گرفتاری کے چند گھنٹوں کے اندر ہی واپس بھیج دیا گیا۔حکام نے بتایا کہ پاکستان کے رنگور گاؤں کے رہنے والے شہزاد کو منگل کے روز گرفتار کئے جانے کے چند گھنٹوں کے اندر بی ایس ایف اور پاکستان رینجرز کے درمیان آئی بی کے رام گڑھ سیکٹر میں فلیگ میٹنگ میں واپس لایا گیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ پوچھ گچھ کے دوران یہ شخص ذہنی طور پر معذور پایا گیااوراُس کوپاکستانی حکام کے حوالے کیاگیا۔اس دوران حکام نے بتایا کہ جموں و کشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ نے بدھ کے روز سانبہ ضلع میں بین الاقوامی سرحدکے ساتھ ساتھ کئی آگے گائوں میں تلاشی مہم چلائی۔ پولیس نے بتایا کہ ایس او جی کو سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی مدد حاصل تھی اور سرحد پار سے حالیہ دراندازی کی کوششوں کے بعد سرحدی علاقے کے تسلط کے ایک حصے کے طور پر تقریباً 3 گھنٹے طویل تلاشی آپریشن کیا گیا۔انہوںنے بتایا کہ تلاشی کارروائی ایس ایم پورہ سے صبح سویرے شروع ہوئی اور اس نے رام گڑھ سیکٹر کے ساپوال، چملیال اور نارائن پور علاقوں کا احاطہ کیا۔ پولیس حکام نے مزید کہا کہ توجہ کسی زیر زمین سرنگ اور ڈرون کے ذریعے گرائے جانے والے مشکوک مواد کا پتہ لگانے پر تھی، لیکن کوئی بھی مشکوک چیز نہیں ملی۔یاد رہے منگل کو بارڈر سیکورٹی فورس نے جموں کے ارنیا سیکٹر میں ایک پاکستانی دراندازی کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا، جب کہ دوسرے کو گرفتار کر کے بعد میں رام گڑھ سیکٹر میں واپس بھیج دیا گیا تھا۔