وِی وِی پی مرحلہ دوم کی پیش رفت کا جائزہ لیا
بارہمولہ//کمشنر سیکرٹری محکمہ تعلیم رام نواس شرما جو وائبرنٹ ولیجز میدانان او رسلاسن کے نوڈل آفیسر بھی ہیں، نے اُوڑی سب ڈویژن کے ان دو سرحدی دیہاتوں کا دورہ کیا اور وائبرنٹ ولیجز پروگرام (وِی وِی پی) مرحلہ دوم کے تحت جاری ترقیاتی سرگرمیوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔کمشنر سیکرٹری موصوف کے ہمرا ہ سب ڈویژنل مجسٹریٹ اُوڑی پرنس کمار، جوائنٹ ڈائریکٹر سکولی تعلیم شمالی کشمیر، ڈِپٹی چیف ایجوکیشن آفیسر بارہمولہ افتخار بشیر اور مختلف محکموں کے متعلقہ اَفسران بھی تھے۔دورے کے دوران کمشنر سیکرٹری نے میدانان اور سلاسان گائوں میں مقامی باشندوں، کمیونٹی نمائندوں اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی۔ اُنہوں نے لوگوں کے مسائل، ترقیاتی توقعات اور بنیادی سہولیات و عوامی خدمات کی بہتری سے متعلق تجاویز کو غور سے سنا۔ مقامی لوگوں نے بنیادی ڈھانچے، رابطہ سڑکوں، تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور روزگار کے مواقع سے متعلق مختلف مسائل اور مطالبات کو اُجاگر کیا۔رام نواس شرما نے سرحدی علاقوں کے لوگوں کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وائبرنٹ ولیجز پروگرام کا مقصد دُور دراز دیہات کو مربوط ترقیاتی اقدامات اور بہتر عوامی خدمات کی فراہمی کے ذریعے خود انحصار اور خوشحال بستیوں میں تبدیل کرنا ہے۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ سرحدی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کے لئے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور بہتر سماجی و اِقتصادی مواقع فراہم کرنے کے لئے مسلسل کوششیں جاری ہیں۔اُنہوں نے دونوں گائوںمیں جاری ترقیاتی کاموں اورسرکاری سکیموں کا بھی جامع جائزہ لیا۔ مختلف محکموں کے افسران نے اُنہیں جاری منصوبوں کی موجودہ صورتحال، اَب تک حاصل شدہ کامیابیوں، درپیش چیلنجوں اور پروگرام کے تحت مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔
کمشنر سیکرٹری نے منصوبوں کی بروقت تکمیل، مختلف محکموں کے درمیان مؤثر ہم آہنگی اور باقاعدہ نگرانی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی فوائد لوگون تک عملی طور پر پہنچنے چاہئیں۔اُنہوںنے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ مقامی کمیونٹیوں کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھیں اور عوامی شکایات و ترقیاتی ضروریات کے حل کے لئے فعال اور مثبت رویہ اِختیار کریں۔ اُنہوں نے پروگرام کے تحت کئے جانے والے کاموں کی تکمیل میں شفافیت، جوابدہی اور معیار کو یقینی بنانے کی اہمیت پر مزید زور دیا۔ اِس موقعہ پر ضلعی اِنتظامیہ اور مختلف محکموں کے سینئر اَفسران بھی کمشنر سیکرٹری کے ہمراہ تھے۔










