راجوری کے نوشہرہ سیکٹر میں دراندازی کی شبانہ کوشش ناکام

LOCکے نزدیکی علاقوں میں تلاشی آپریشن جاری:دفاعی ترجمان

جموں//فوج نے ہفتہ کو سرحدی ضلع راجوری کے نوشہرہ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر دراندازی کی کوشش کو ناکام بنادیا۔ فوج نے کہا کہ اب تک ایک درانداز کو مارا گیا ہے جب کہ نوشہرہ سیکٹر میں کلال علاقے کے قریب آپریشن جاری رکھاگیاہے۔جموں میں مقیم وزارت دفاع کے ترجمان نے راجوری کے نوشہرہ سیکٹر میں ایک درانداز کے مارے جانے کی تصدیق کی۔ وزارت دفاع کے ترجمان نے اس حوالے سے تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایاکہ17اور18نومبر2022 کی درمیانی رات تقریباً 11 بجے، سرحدی ضلع راجوری کے نوشہرہ سیکٹرمیں لائن آف کنٹرول پرسرحدپارسے کی گئی دراندازی کی ایک کوشش کو ناکام بنایا گیا، جس میں اب تک ایک درانداز مارا گیا ۔بیان کے مطابق فائرنگ کاتبادلہ اُسوقت شروع ہواجب ایل ائوسی کی نگرانی وحفاظت پر مامور سیکورٹی اہلکاروںنے دراندازوںکو للکارا،جنہوںنے گولیاں چلائیں۔ انہوں نے کہاکہ ایک ملی ٹنٹ ماراگیا جسکی لاش جنگی ہتھیاروںکے ساتھ برآمد ہوئی ہے۔ وزارت دفاع کے ترجمان نے کہا کہ اس سرحدی علاقے میں سیکورٹی فورسزکا آپریشن ابھی جاری ہے اور مزید تفصیلات بعد میں شیئر کی جائیں گی۔