Upendra Devdee

راجوری جھڑپ میں مارے گئے ملی ٹنٹوں کو افغانستان اور دوسرے ممالک میں تربیت دی گئی تھی

ایک سال کے اندر اندر اس خطے میں ملی ٹنسی کو جڑ سے اکھاڑ پھینک دیا جائے گا / لیفٹنٹ جنرل اوپیندرا دیودی

سرینگر // راجوری جھڑپ میں مارے گئے ملی ٹنٹوں کو افغانستان اور دوسرے ممالک میں تربیت دی گئی تھی کا دعویٰ کرتے ہوئے شمالی کمان کے فوجی کمانڈر لیفٹنٹ جنرل اوپیندر دویدی نے کہا کہ راجوری پونچھ بلٹ میں ابھی بھی قریب 25ملی ٹنٹ سرگرم ہے اور واضح کیا کہ ایک سال کے اندر اندر اس خطے میں ملی ٹنسی کو جڑ سے اکھاڑ پھینک دیا جائے گا ۔ سٹار نیوز نیٹ ورک کے مطابق راجوری کے جنگلات میں مسلح تصادم آرائی میں مارے گئے فوجی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے شمالی فوج کے کمانڈر لیفٹنٹ جنرل اپیندر دویدی نے کہا کہ راجوری جھڑپ میں مارے گئے ملی ٹنٹوں سے لگتا ہے کہ افغانستان اور دوسرے ممالک میں تربیت حاصل کی گئی ہے اور ان کی ہلاکت ملی ٹنسی اور اس کے ماحولیاتی نظام کو ایک بڑا دھچکا ہے۔ انہوں نے کہا ’’ دونوں مارے گئے ملی ٹنٹ اعلیٰ تربیت یافتہ تھے۔ ایسا لگتا ہے کہ انہیں پاکستان، افغانستان اور دیگر ممالک میں تربیت دی گئی تھی‘‘۔انہوں نے کہا کہ دو کیپٹن سمیت پانچ فوجی جوانوں کی عظیم قربانیوں سے فوجیوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں اور سبھی جموں و کشمیر کی سرزمین سے دہشت گردوں کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔پیر پنجال رینج میں سرگرم ملی ٹنٹوں کی تعداد کے بارے میں پوچھے جانے پر، فوجی افسر نے کہا کہ راجوری میں دو اعلیٰ تربیت یافتہ ملی ٹنٹوں کے مارے جانے سے خطے میں ملی ٹنسی اور اس کے ماحولیاتی نظام کو بڑا دھچکا لگا ہے۔ انہوں نے کہا ’’علاقے میں سرگرم ملی ٹنٹوں کی تعداد مختلف ہو سکتی ہے کیونکہ پونچھ اور راجوری ہائی وے سے جڑے ہوئے ہیں۔ کم از کم 20 سے 25 ملی ٹنٹ اب بھی علاقے میں کام کر رہے ہیں اور پولیس اور انسانی انٹیلی جنس کے فعال تعاون کی مدد سے ہم ایک سال کے اندر خطے سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے میں کامیاب ہو جائیں گے‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان غیر ملکی دہشت گردوں کو جموں و کشمیر میں دھکیلنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا ’’پاکستان غیر ملکی دہشت گردوں کو جموں و کشمیر میں دھکیلنے کی کوششیں کر رہا ہے اور کہا کہ ان کے ناپاک منصوبوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا ‘‘ ۔ دریں اثنا، لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا اور ڈی جی پی آر آر سوین نے مہلوک فوجیوں کو پھولوں کی چادر چڑھائی۔