پاکستان کو انسداد منی لانڈرنگ واچ ڈاگ FATF کونکالنے پر بھارت کاردعمل
سری نگر//پاکستان کو انسداد منی لانڈرنگ واچ ڈاگ FATF کی جانب سے اپنی’گرے لسٹ‘ سے نکالے جانے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بھارت نے جمعہ کو کہا کہ دنیا کو واضح رہنا چاہیے کہ پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف ’’قابل اعتماد، قابل تصدیق اور ناقابل واپسی‘‘ کارروائی جاری رکھنی چاہیے۔خیال رہے پیرس میں قائم فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) نے پاکستان کو ان ممالک کی فہرست سے نکال دیا ہے جن کی نگرانی میں اضافہ کیا گیا ہے، جسے ’گرے لسٹ‘ بھی کہا جاتا ہے۔وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی نے جمعہ کونئی دہلی میں کہا، ’’یہ عالمی مفاد میں ہے کہ دنیا واضح رہے کہ پاکستان کو دہشت گردی اور اس کے زیر کنٹرول علاقوں سے نکلنے والی دہشت گردی کی مالی معاونت کے خلاف قابل اعتبار، قابل تصدیق، ناقابل واپسی اور پائیدار کارروائی جاری رکھنی چاہیے۔‘‘وہ اس حوالے سے میڈیا کے سوالات کا جواب دے رہے تھے۔وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی نے کہاکہ ایف اے ٹی ایف کی جانچ پڑتال کے نتیجے میں، پاکستان کو معروف دہشت گردوں کے خلاف کچھ کارروائی کرنے پر مجبور کیا گیا ہے، جن میں26/11 کو ممبئی میں پوری بین الاقوامی برادری کے خلاف حملوں میں ملوث افراد بھی شامل ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان اپنے اینٹی منی لانڈرنگ ، انسداد دہشت گردی کی مالی معاونت نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے ایشیا پیسیفک گروپ آن منی لانڈرنگ کے ساتھ کام کرتا رہے گا۔واچ ڈاگ کے مطابق، پاکستان کو اس خطرے سے نمٹنے اور اس کے موجودہ مانیٹرنگ میکنزم میں اصلاحات لانے کے لیے اسلام آباد کے ’’اعلی سطحی سیاسی عزم‘‘کے تناظر میں’گرے لسٹ‘سے نکال دیا گیا ہے۔یہ فیصلہ ایف اے ٹی ایف نے20اور21 اکتوبر کو پیرس میں ہونے والی اپنی پلینری میں کیا تھا۔بعد ازاں ایک ورچوئل پریس کانفرنس میں، ایف اے ٹی ایف کے صدر ٹی راجہ کمار، جو سنگاپور سے ہیں، نے کہا کہ پاکستان نے بڑے پیمانے پر ایف اے ٹی ایف کی طرف سے دی گئی تمام 34 اشیاء پر توجہ دی ہے۔تاہم، انہوں نے کہا، پاکستان کو اب بھی اس سلسلے میں کام جاری رکھنے کی ضرورت ہے اور ایف اے ٹی ایف پاکستان کی حوصلہ افزائی کرتا ہے کہ وہ مالیاتی دہشت گردی اور منی لانڈرنگ سے نمٹنے کے لیے ایف اے ٹی ایف کے ایشیا پیسفک گروپ کے ساتھ تعاون کرے۔










