Principal Secretary, Housing & Urban Development, Dheeraj Gupta

دھیرج گپتا نے سٹیلائٹ ٹائون شپ کے لے آئوٹ پلان پر میٹنگ کی صدارت کی

سری نگر//پرنسپل سیکرٹری مکانات و شہری ترقی دھیرج گپتا نے آج رکھہ گنڈاَکشا بمنہ میںتیار کی جانے والی مجوزہ سیٹلائٹ ٹائون شپ کے لے آئوٹ پلان کی تشکیل کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں پروجیکٹ کے ماسٹر پلان، بنیادی ڈھانچہ ، ڈرینج پلان ، روڈ نیٹ ورک بالخصوص سری نگر ماسٹر پلان کی ضروریات کے مطابق ٹائون شپ تک اپروچ روڈ کی تعمیر سے متعلق کئی اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ پرنسپل سیکرٹری نے ٹپو گرافک سروے اور پروجیکٹ کے ابتدائی تخمینہ کی جلد تکمیل کے لئے ہدایات دیں۔میٹنگ میں پروجیکٹ کے مختلف اجز أ جیسے ہائوسنگ کے لئے پلان کی تیاری ، رہائشی پلاٹوں کی تصوراتی ترتیب اور فلیٹ شدہ رہائش پر تبادلہ خیال ہوا۔ اِس کے علاوہ تجارتی مقامات ، تفریحی مراکز ، اِدارہ جاتی سیٹ اَپ ، عوامی سہولیات اور ٹائون شپ میں درکا دیگر سہولیات کے منصوبے پر غور وخوض کیا گیا۔پرنسپل سیکرٹری نے اِس بات پر زور دیا کہ ترقیاتی منصوبہ شہری ڈیزائن کے اَصولوں ، ترقیاتی کنٹرول کے ضوابط اور تعمیراتی رہنما خطوط کے مطابق ہونا چاہیے۔ ہائوسنگ اینڈ اربن ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے رکھہ گنڈ اَکشا میں ایک جدید سیٹلائٹ ٹائون شپ کی تعمیر کی تجویز پیش کی ہے اور اِس پروجیکٹ پر عمل درآمد کی ذمہ داری سری نگر ڈیولپمنٹ اَتھارٹی کو سونپی گئی ہے ۔مجوزہ ٹائون شپ میں سرو سڈ پلاٹس، کثیر المنزلہ اپارٹمنٹس ، ٹائون ہومز، تجارتی علاقے ، ہوٹل ، گولف کورس ، سبز جگہیں اور نیچرل تالاب ہوں گے۔دورانِ میٹنگ ڈی ڈی ایف کنسل ٹنٹس جو کہ اِس منصوبے کے لئے کنسلٹنسی کے لئے طور پر کام کر رہے ہیں ، نے پروجیکٹ کے مختلف اجزأ کے بارے میں تفصیلی پرزنٹیشن دی اور پروجیکٹ ائیریا کے لے آئوٹ پلان کو حتمی شکل دی گئی ۔ یہ ٹائون شپ مجوزہ میڈی سٹی اور نئے ہائی کورٹ کمپلیکس کے آس پاس 147 ہیکٹر اَراضی پر تعمیر ہو رہی ہے اور سری نگر شہر میں منصوبہ بند تعمیراتی ترقی سے ایک بڑی توجہ کا مرکز بنے گی۔میٹنگ میں چیف ٹائون پلانر کشمیر ، وائس چیئرمین ایس ڈی اے ، سپیشل سیکرٹری ہائوسنگ ، سینئر ٹائون پلانر ایس ڈی اے اور ڈی ڈی ایف کنسلٹنٹس کی کنسلٹنسی ٹیم نے شرکت کی۔