دھیرج گپتا نے ایم سی سربراہوں کیساتھ کشمیر کے اربن لوکل باڈیزکے مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا

سری نگر//پرنسپل سیکرٹری مکانات و شہری ترقی محکمہ دھیرج گپتا نے آج کشمیر کے متعدد میونسپلٹی کمیٹیوں کے صدور کے ساتھ ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں ان اربن لوکل باڈیز ( یو ایل بی ) سے متعلق مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔میٹنگ میں ڈائریکٹر یو ایل بی کشمیر محترمہ مطہورہ معصوم ، چیئرمین کوآرڈی نیشن کمیٹی یو ایل بی کشمیر محمد اقبال ، میونسپل کونسلوں اور کمیٹیوں کے صدور او ریوایل بی ڈیپارٹمنٹ کشمیر کے دیگر متعلقہ اَفسران نے شرکت کی۔جموںمیں مقیم اَفسران نے بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ میٹنگ میں حصہ لیا۔ابتداً ، چیئرمین کوآرڈی نیشن کمیٹی یوایل بی کشمیر نے یو ایل بی سے متعلق مختلف مسائل کو جلد حل کرنے کے لئے پیش کیا۔دھیرج گپتا نے کہا کہ مختلف مسائل کو پہلے حل کیا گیا ہے اور باقی معاملات کو جلد ہی حل کیا جائے گا۔اُنہوں نے متعلقہ اَفسران کو ایم سیز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی موقعہ پر ہی ہدایات بھی جاری کیں۔اُنہوں نے ڈائریکٹر یوایل بی کشمیر سے بھی کہا کہ وہ ہر ایم سی کی تجاویز کا نقشہ بنائیں تاکہ ان کے ازالے کے لئے متعلقہ ضلعی اِنتظامیہ کے ساتھ بات کی جائے۔دھیرج گپتا نے ایم سی سربراہوں کی سراہنا کی اور کہا کہ گذشتہ دو برسوں میں ان کے ذریعہ بہت کام کیا گیا ہے کیوں کہ ان کا کام صحیح راستے پر ہے۔اُنہوں نے سربراہوں سے کہا کہ وہ اَفرادی قوت کو استعمال کریں اور اَپنے متعلقہ ایم سیز سے وسائل بھی پیدا کریں۔