دولت مشترکہ کھیلوں کا پرچم و مشعل ہندوستان کے سپرد ‘ 2030میں احمد آباد میں انعقاد

دولت مشترکہ کھیلوں کا پرچم و مشعل ہندوستان کے سپرد ‘ 2030میں احمد آباد میں انعقاد

نئی دہلی/ایجنسیز// 11دن تک جاری رہنے والے دولت مشترکہ کھیلوں کا گلاسگو میں اتوار کو اختتام عمل میں آیا ۔ اس کے بعد ایک رنگا رنگ اختتامی تقریب منعقد ہوئی جس میں دولت مشترکہ گیمس کے پرچم اور مشعل کو ہندوستان کے حوالے کردیا گیا ۔ 2030 میں آئندہ دولت مشترکہ کھیلوں کی ہندوستان میزبانی کرے گا جو احمد آباد میں منعقد ہونگے ۔ ہندوستان نے 2010 میں دولت مشترکہ کھیلوں کی نئی دہلی میں میزبانی کی تھی جس کے دو دہوں بعد ان کھیلوں کا دوبارہ ہندوستان میں انعقاد عمل میں آئے گا ۔ ہندوستان آسٹریلیا کے بعد ایسا دوسرا ملک بن جائے گا جس نے ایک سے زائد مرتبہ ان کھیلوں کی میزبانی کی ہو ۔ اسکاٹ لینڈ کے حکام نے دولت مشترکہ پرچم اور مشعل کو ہندوستان کے نمائندوں اولمپک چمپئن نیرج چوپڑہ اور انڈین اولمپک اسوسی ایشن کے صدر پی ٹکی اوشا اور گجرات کے ڈپٹی چیف منسٹر ہرش سنگھوی کے حوالے کیا ۔ اختتامی تقریب میںجہاں اسکاٹ لینڈ کے کلچر کو پیش کیا گیا تھا وہیں ہندوستانی موسیقی اور رقص کو بھی پیش کیا گیا اور بالی ووڈ کے گیت بجائے گئے ۔ اداکارہ مانوشی چلر نے شیامک داور ڈانس اسٹوڈیو کے پرفارمرس کے ساتھ سماں باندھ دیا جس کے بعد گلوکار شنکر مہادیون اور ان کے فرزندان سدھارتھ اور شیوم نے کئی گیت پیش کئے ۔ گلاسگو میںمنعقدہ دولت مشترکہ کھیلوں میں ہندوستان نے اس بار بہترین کارکردگی دکھائی اور جملہ 39 میڈلس حاصل کئے ۔ ان میں 13 گولڈ میڈلس 17سلور میڈلس اور 9 برانز میڈلس شامل ہیں۔ اس بار ہندوستان کو ملنے والے میڈلس کی تعداد سابق سے کم رہی تاہم ہندوستان ٹاپ 5 میںشامل رہا اور اس نے چوتھا مقام حاصل کیا ۔ ہندوستان کیلئے باکسنگ اور اتھیلیٹکس میں فی کس 10 , 10 میڈلس حاصل ہوئے باکسرس نے جملہ سات گولڈ میڈلس اور تین سلور میڈس حاصل کئے ۔ جوڈو میں ہندوستان نے چار میڈلس جیتے جن میں دو گولڈ میڈلس بھی شامل ہیں۔ ویٹ لفٹنگ میںہندوستان کو آٹھ میڈلس حاصل ہوئے اور ہندوستان کی میرا بائی چانو نے لگاتار تیسری مرتبہ گولڈ میڈل جیتا ۔