خشک موسمی صورتحال کے چلتے وادی اور لداخ میں شدید سردی کی لہر جاری

اگلے 24 تک موسم مجموعی طور پر خشک جبکہ 26نومبر تک کسی بڑی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں / محکمہ موسمیات

سرینگر // وادی میں شدید سردی کی لہر جاری رہنے کے بیچ کشمیر میں درجہ حرارت کافی نیچا چلا گیا جبکہ سرینگر میں ایک مرتبہ پھر منفی 0.8ڈگری کے ساتھ سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی ۔مشہو ر سیاحتی مرکز پہلگام میں شبانہ درجہ حرارت منفی 1.4ڈگری درج کیا گیا۔ ادھر محکمہ موسمیات نے پہلے ہی آئندہ کچھ دنوں تک موسم مجموعی طو ر پر خشک رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ سردیوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے ۔ اسی دورا ن شدید سردی کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔سٹار کے مطابق رواں ماہ کے ابتدائی دنوں سے وادی میں شدت کی سردی جاری ہے ۔ شہر سرینگر اور دیگر قصبہ جات میں موسم خشک رہا اور دن میں ہلکی دھوپ نکلی تھی تاہم بعد میں موسمی صورتحال مسلسل دگر گوں ہوئی اور شبانہ درجہ حررات میں کافی کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے ۔ اسی دوران محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں سردی کی لہر جاری ہے جس کے چلتے شبانہ درجہ حرارت منفی میں ریکارڈ کیا گیا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا،۔ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.4ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ مشہورسیاحتی مقام پہلگام میں منفی 1.4ڈگری سینٹی گریڈ درج کیا گیا ۔ اسی طرح سے کوکرناگ میں گزشتہ رات منفی 0.4 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم سے کم 0.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ رات کی طرح تھا ، اسی طرح سے جموں میں کم سے کم درجہ حرارت 11.6ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ رات 12ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔ لداخ کے لیہہ میں منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور سائبیریا کے بعد دنیا کا دوسرا سرد ترین مقام دراس میں پارہ منفی 7ڈگری سینٹی گریڈ پر رہا۔ادھر محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر میں اگلے 24 کے لیے بنیادی طور پر خشک موسم کی پیش گوئی کی ہے اور کہا ہے کہ 26نومبر تک کسی بڑی تبدیلی کی توقع نہیں ہے۔