حکومت نے یوتھ کلبوں سے نوجوانوں کو حکمرانی میں شراکت دار کے طور پرشامل کیا

جموں وکشمیر میں تقریباً4,290 یوتھ کلب بنائے گئے اورزائد اَز 7کروڑ روپے اِمداد فراہم کی گئی

سری نگر//حکومت جموںوکشمیر نے مشن یوتھ کے تحت حکمرانی میں شراکت دارکے طور پر نوجوانوں کو شامل کرنے اور انہیں بااِختیار بنانے کے لئے یوتھ کلبوں کے ایک اہم اقدام کا تصور پیش کیا ہے۔سال 2021ء میں قائم ہونے والے کلبوں کا مقصد جموںوکشمیر کے نوجوانوں کو تبدیلی لانے والے بننے کا موقعہ فراہم کرنا ہے اور تقریباً4,290 کلب بنائے گئے ہیں۔ یوتھ کلبوں میں رَضاکاروں کوچیلنجوں سے نمٹنے اور تبدیلی لانے کی تربیت دی جاتی ہے ۔ یہ رَضاکار قائدین اور تبدیلی سازوں کے طور پر ایک شہری شناخت تیار کرتے ہیں اور سماجی طور پر زیادہ فعا ل بنتے ہیں۔اِن کلبوں کے رَضاکاروں کو سرکاری سکیموں کے تمام پہلوئوں میں تربیت دی جارہی ہے اور وہ ایمرجنسی اور بحران سے نمٹنے کے منصوبوں کا حصہ ہیں اور منصوبہ بندی اور فیصلہ سازی میں شامل ہیں ۔ کلب نوجوانوں کی مثبت مصروفیت کے لئے مرکزی نقطہ کے طورپر کام کرتے ہیں اور یہ کوشش کرتے ہیں کہ وہ بنیاد پر ست پروپیگنڈے اور دیگر سماجی مسائل کی طرف نہ جائیں جو ہمارے نوجوانوں کو پریشان کرتے ہیں۔گذشتہ مالی برس میں یوتھ کلبوں کی مخصوص سرگرمیوں کے لئے اِمداد کے طور پر 7.25 کروڑ کی رقم فراہم کی گئی ہے اور اِن یوتھ کلبوں سے تمام اَضلاع میں یوتھ انگیج منٹ پروگرام منعقد کئے گئے ہیں اور زائد اَز 2لاکھ نوجوانوں کو اِس پروگرام سے منسلک کیا گیا ہے۔پلوامہ کے ایک نوجوان رَضاکار عاقب نے کہا کہ وہ ہمیشہ سسٹم سے بیگانگی محسوس کر رہے تھے لیکن نوجوانوں میں شامل ہونے کے بعد ہم سسٹم اور حکمرانی کا حصہ محسوس کر رہے ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ وہ ضلع کی ہر پنچایت میں نشامکت مہم میں حکومت کا ساتھ دے رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا،’’ ہم اَگلے چند مہینوں کے اَندر پلوامہ کو ڈرگ فری ضلع بنائیں گے ۔‘‘پونچھ ضلع میں نوجوان رَضاکار اَپنے ضلع کی سماجی او اِقتصادی توسیع میں اَپنی شرکت پر خوشی محسوس کرتے ہیں ۔ پونچھ سے رمیض نے کہا،’’ ترقیاتی منصوبہ بندی اور گورننس اپریٹس کا عمل اتنا حصہ دار نہیں تھا جتنا کہ حکومت کے اِس نئے اقدام نے بنایا ہے۔‘‘ اُنہوں نے مزید کہا،’’ہمارے نوجوان رَضا کاروں نے گذشتہ برس کے دوران کمیونٹی پرمبنی متعدد سرگرمیوں کا اہتمام کیا ۔ہم ضلع میں چنار سمیت زائد اَز 30,000 پودے لگانے میں کامیاب ہوگئے ۔‘‘اِسی طرح ضلع بڈگام میں بھی نوجوان رَضا کار حکومت کے ہر فلاحی پروگرام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں ۔ ضلع میں میگا کووِڈ ویکسی نیشن اور ڈی ورمنگ پروگرام کا اِنعقاد یوتھ رَضاکاروں نے ہیلتھ اَفسران کے تعاون سے کیا تھا۔ ماہ جبین ، جو یوتھ رَضا کار پروگرام کی ایک اہم رُکن ہیں ، نے کہا ،’’ہم نے ہر پنچایت میں ہر گھر کے ہر بچے تک پہنچنے کو یقینی بنایا ۔‘‘