مین اسٹریم میں آئیں یاجیل جائیں،اب جموں وکشمیرمیں صرف ہندستانی دکانیں چلیں گی:سنیل شرما
سری نگر//بھارتیہ جنتاپارٹی کی جموں وکشمیر شاخ کامانناہے کہ علیحدگی پسند لیڈروں کے پاس مرکزی دھارے میں شامل ہونے کے سواء کوئی دوسرا راستہ نہیںہے۔جے کے این ایس کے مطابق سری نگرمیںیوم الحاق سے متعلق منعقدہ ایک تقریب کے موقعہ پر نامہ نگاروں کے سوالات کاجواب دیتے ہوئے سابق وزیر اوربھاجپاکی جموں وکشمیرشاخ کے سینئر لیڈر سنیل شرمانے کہاکہ تمام حریت راہنما اورعلیحدگی پسندمرکزی دھارے میں شامل ہونگے ،کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ ان کیلئے تمام دروازے بند کردئیے گئے ہیں ،اوربقول سنیل شرما علیحدگی پسند یہ بھی جانتے ہیں کہ اُن کی جگہ صرف جیل میں ہے ۔انہوںنے کہاکہ حریت لیڈروں اورعلیحدگی پسندوںکے پاس صرف دوہی راستے رہ گئے ہیں ،مرکزی دھارے میں شامل ہوجائیں تاپھر جیل چلے جائیں۔بھاجپاکے سینئر لیڈر سنیل شرما کامزید کہناتھاکہ حریت والے پاکستان کے کہنے پر یہاں جودکانیں چلاتے تھے ،وہ بندکردی گئی ہیں ،اوراب اُن کایہاں کوئی خریدار ہی نہیں۔انہوںنے کہاکہ حریت والوں اوردیگرعلیحدگی پسندوں کے پاس اب ایک ہی راستے رہ گیاہے کہ وہ یہاں ہندوستانی دکانیں کھول لیں،کیونکہ اب جموں وکشمیرمیں یہی دکانیں چلیں گی۔بھاجپا لیڈرسنیل شرما نے مزیدکہاکہ حریت والے اپنے راستے اورطریقے کوصحیح کریں یاپھر جیل جانے کیلئے تیارہوجائیں۔










