khana kaba

حرمین شریفین میں 27 ویں شب کو 25 لاکھ افراد کا روح پرور اجتماع

سرینگر //رمضان المبارک کی 27 ویں شب حرمین شریفین میں 25 لاکھ افراد کا روح پرور اجتماع ہوا۔سی این آئی مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام کے اطراف کی سڑکوں کونمازیوں سے بھرے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ رمضان المبارک کی 27 ویں شب جسے لیلتہ القدر بھی کہا جاتا ہے مسجد الحرام اورمسجد نبوی میں 25 لاکھ سے زائد زائرین نے عبادات اور دعائیں کیں۔حرمین شریفین کے امور کی نگرانی کرنے والے ادارے کے مطابق مسجد الحرام میں زائرین عمرہ اور نمازیوں کے لیے 118 گیٹس بنائے گئے تھے جن میں 3 گیٹس عمرہ زائرین جبکہ 68 سے نمازیوں کو داخلے کی اجازت تھی۔ مسجد الحرام کے 50 دروازوں کو ایمرجنسی کے لیے مخصوص کیا گیا تھا جبکہ 40 اندرونی دروازے بنائے گئے تھے۔ادارے کی جانب سے زائرین کو آمد ورفت میں سہولت فراہم کرنے کے لیے 5 ہزار ریگولراور 3 ہزار الیکٹرک گاڑیاں اوربسیں فراہم کی گئیں۔ مسجد الحرام میں 4 ہزار ورکرز نے صفائی کے فرائض انجام دئیے۔ مسجد الحرام کی صفائی کے لیے 15 ہزار لیٹر جراثیم کش محلول کا استعمال کیا گیا۔