ہندوستان دنیا کی سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی معیشتوں میں برقرار / نرملا سیتا رمن
سرینگر / این این بی // مالی سال 2026-27کی پہلی سہ ماہی میں ہندوستان کی مجموعی گھریلو پیداوار (GDP) میں 7.8فیصد کی شرح نمو باقی مالی سال کے لیے ایک مثبت اور حوصلہ افزا اشارہ ہے کی بات کرتے ہوئے مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر درپیش مختلف چیلنجز کے باوجود ہندوستانی معیشت نے اہم شعبوں میں وسیع پیمانے پر ترقی کا مظاہرہ کیا ہے۔نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے انسٹاگرام پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ہندوستان کی تازہ اقتصادی شرح نمو کو امریکہ کے شہر ایشویل، شمالی کیرولائنا میں منعقدہ جی 20 اجلاس کے دوران بھی سراہا گیا، جہاں وہ مختلف اجلاسوں اور نشستوں میں شرکت کر رہی ہیں۔نرملا سیتا رمن نے کہا کہ مالی سال 2026-27کی پہلی سہ ماہی کے اقتصادی اعداد و شمار گزشتہ روز جاری کیے گئے، جن کے مطابق ہندوستان نے 7.8فیصد کی شرح نمو حاصل کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان دنیا کی سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی بڑی معیشتوں میں اپنی نمایاں پوزیشن برقرار رکھے ہوئے ہے اور عالمی اقتصادی منظرنامے میں ملک کی کارکردگی خاصی اہمیت رکھتی ہے۔وزیر خزانہ کے مطابق جی 20 اجلاس میں شریک مختلف ممالک کے نمائندوں نے ہندوستان کی اقتصادی کارکردگی کی تعریف کی ہے۔نرملا سیتا رمن نے ہندوستان کی اقتصادی ترقی کو وسیع البنیاد اور متواز ن قرار دیتے ہوئے کہا کہ معیشت کے مختلف شعبوں میں نمایاں بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔ان کے مطابق مختلف شعبوں میں بیک وقت ترقی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ ہندوستانی معیشت میں ترقی کا عمل کسی ایک شعبے تک محدود نہیں رہا بلکہ اس کے اثرات معیشت کے متعدد اہم حصوں میں دیکھے گئے ہیں۔وزیر خزانہ نے کہا کہ موجودہ عالمی ماحول میں جغرافیائی سیاسی کشیدگی، تجارتی غیر یقینی صورتحال اور دیگر اقتصادی چیلنجز کے باوجود ہندوستان نے اپنی ترقی کی رفتار برقرار رکھی ہے۔










