حکمرانی اور ترقی کے اہم مسائل پر بات چیت کی
سرینگر//وزیر اعلیٰ مسٹر عمر عبداللہ نے سول سیکرٹریٹ میں گروپ آف کنسرنڈ سٹیزنز ( جی سی سی ) جموں و کشمیر کے اراکین کے ساتھ منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کی اور جموں و کشمیر میں حکمرانی ، ترقی ، ماحولیات اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق متعدد مسائل پر تبادلہ خیال کیا ۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ کے مشیر مسٹر ناصر اسلم وانی بھی موجود تھے ۔ سول سوسائٹی گروپ کی قیادت خورشید احمد گنائی ( آئی اے ایس ریٹائیرڈ ) کر رہے تھے اور اس میں جی سی سی کے دیگر اراکین بھی شامل تھے ۔ وفد نے عوامی اہمیت کے کئی مسائل اٹھائے جن میں حکمرانی ، ماحولیاتی تحفظ ، بلدیاتی انتظامیہ اور فضلہ کا انتظام شامل ہیں ۔ خاص طور پر آبی ذخائیر اور ویٹ لینڈز کے تحفظ اور ان اہم ماحولیاتی اثاثوں کی حفاظت کیلئے موثر اقدامات کی ضرورت پر توجہ مبذول کرائی گئی ۔ جی سی سی نے زرعی زمین کی تبدیلی ، ٹریفک کے انتظام ، سیلاب سے بچاؤ اور انتظام اور بجلی کی ترقی بشمول قابل تجدید توانائی پر زیادہ توجہ دینے سے متعلق مسائل بھی اٹھائے ۔ مہارت کی ترقی اور روز گار پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ ریونیو ریکارڈز کی ڈیجٹلائیزیشن سے متعلق مسائل پر بھی بات چیت ہوئی ۔ وزیر اعلیٰ نے جی سی سی کے اراکین کی طرف سے پیش کئے گئے خدشات اور تجاویز کو غور سے سُنا اور یقین دلایا کہ متعلقہ معاملات کا جائیزہ لیا جائے گا اور ان پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا ۔










