اننت ناگ اور کپواڑہ میں چار منشیات فروش گرفتار، ممنوعہ مادہ ضبط
سرینگر/ / این این بی // منشیات کے خلاف جموں کشمیر پولیس نے مہم کو تیز کرتے ہوئے اننت ناگ اور کپواڑہ میں چار منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا ۔ نیشنل نیوز بیورو کے مطابق جموں و کشمیر پولیس نے منشیات کی اسمگلنگ اور غیر قانونی کاروبار کے خلاف جاری مہم کے تحت اننت ناگ اور کپواڑہ اضلاع کے ہندواڑہ علاقے میں مختلف کارروائیاں انجام دیتے ہوئے چار مبینہ منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے گرفتار شدگان کے قبضے سے ہیروئن اور چرس جیسی ممنوعہ نشہ آور اشیائ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ اس سلسلے میں متعلقہ تھانوں میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔پولیس ترجمان کے مطابق منشیات کی اسمگلنگ اور اس کے غیر قانونی کاروبار کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے پولیس نے اننت ناگ ضلع کے متین اور سنگم علاقوں کے علاوہ کپواڑہ ضلع کے ہندواڑہ میں بھی کارروائیاں انجام دیں۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس اسٹیشن مٹن کی ایک ٹیم نے گوپالپورہ کراسنگ پر ناکہ چیکنگ کے دوران ایک موٹر سائیکل کو روک کر اس کی تلاشی لی۔ اس دوران موٹر سائیکل پر سوار دو افراد کے قبضے سے 14 گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔پولیس نے دونوں افراد کو موقع پر ہی گرفتار کرلیا، جن کی شناخت عبید احمد خان اور یاور سلطان کے طور پر ہوئی ہے۔ اس معاملے میں پولیس اسٹیشن متین میں این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعات 8/21 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔ایک اور کارروائی کے دوران پولیس پوسٹ سنگم کی ٹیم نے سنگم چوک پر ناکہ چیکنگ کے دوران جموں سے سرینگر کی جانب آنے والی ایک گاڑی کو روکا۔ پولیس ترجمان کے مطابق گاڑی کی تلاشی لینے پر ڈرائیور کے قبضے سے 6.15 گرام چرس برآمد ہوئی۔گاڑی چلانے والے شخص کی شناخت وسیم بشیر بٹ ساکن لال چوک سرینگر کے طور پر کی گئی ہے۔ پولیس نے ممنوعہ نشہ آور مادہ برآمد ہونے کے بعد معاملے کی مزید قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔ادھر ضلع کپواڑہ کے ہندواڑہ علاقے میں پولیس نے ویلمگ پولیس اسٹیشن کے دائرہ اختیار میں آنے والے چمپورا کراسنگ پر ناکہ چیکنگ کے دوران ایک شخص کو حراست میں لیا۔ پولیس کے مطابق تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے چرس جیسا مشتبہ نشہ آور مادہ برآمد کیا گیا۔گرفتار شخص کی شناخت محمد اشرف بٹ کے طور پر ہوئی ہے۔ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن ویلمگ میں این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 8/20 کے تحت ایف آئی آر درج کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔پولیس ترجمان نے مزید بتایا کہ ہندواڑہ معاملے میں تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے تاکہ منشیات کی ترسیل اور اس کے نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد کے بارے میں معلومات حاصل کی جاسکیں۔ پولیس اس بات کا بھی پتہ لگانے کی کوشش کر رہی ہے کہ ممنوعہ نشہ آور اشیائ کہاں سے حاصل کی گئیں اور ان کی سپلائی کے پیچھے کون سے عناصر سرگرم ہیں۔پولیس نے واضح کیا ہے کہ جموں و کشمیر میں منشیات کی اسمگلنگ اور اس کے غیر قانونی کاروبار کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ان تازہ کارروائیوں کے بعد اننت ناگ اور کپواڑہ میں منشیات کے خلاف پولیس کی مہم مزید تیز ہونے کی توقع ہے۔










