مقامی لوگوں ، مسافروں اور سب کاشتکارو ں میں شدید ناراضگی
سرینگر/ / این این بی // سوپور بائی پاس پل کی مرمت کے چند ہفتوں بعد دوبارہ خستہ حالی پر مقامی لوگوں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس پر سیب کے کاشتکاروں اور ٹرانسپورٹروں نے فوری مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے عارضی مرمت کے بجائے معیاری اور مستقل کام کی ضرورت پر زور دیا ۔ نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) نمائندے کے مطابق شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں واقع 216 میٹر طویل سوپور بائی پاس پل مرمت کے چند ہفتوں بعد ہی دوبارہ خستہ حالی کا شکار ہوگیا ہے، جس کے نتیجے میں اس اہم راستے سے گزرنے والے مسافروں، گاڑیوں کے ڈرائیوروں اور ٹرانسپورٹروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مقامی مسافروں اور گاڑیوں کے ڈرائیوروں کے مطابق پل سے گزرتے وقت گاڑیوں کو اچانک جھٹکے محسوس ہوتے ہیں، جس سے نہ صرف سفر میں دشواری پیش آتی ہے بلکہ گاڑیوں کی حفاظت اور پل پر کیے گئے مرمتی کام کی پائیداری کے حوالے سے بھی تشویش پیدا ہوگئی ہے۔قابل ذکر ہے کہ سوپور بائی پاس پل کو مرمتی کام کے لیے 22 اکتوبر کو بند کیا گیا تھا اور تقریباً دو ہفتوں کی بندش کے بعد اسے دوبارہ ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا تھا۔ تاہم، مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ دوبارہ کھلنے کے باوجود پل کی حالت میں متوقع بہتری نظر نہیں آرہی اور گاڑیوں کو اب بھی پہلے جیسی مشکلات کا سامنا ہے۔مقامی مسافروں نے بتایا کہ انہیں امید تھی کہ پل کو دو ہفتوں تک بند رکھ کر کی جانے والی مرمت کے بعد سڑک کو مکمل طور پر ہموار اور محفوظ بنایا جائے گا، لیکن دوبارہ ٹریفک کی آمدورفت شروع ہونے کے بعد بھی پل پر ناہمواری اور اچانک جھٹکوں کا مسئلہ برقرار ہے۔ان کا کہنا ہے کہ پل کے مختلف حصوں میں کنکریٹ کی سطح یکساں نہیں ہے، جبکہ بعض مقامات پر ساختی ناہمواری اور ایکسپینشن جوائنٹس کی خرابی واضح طور پر محسوس کی جا سکتی ہے۔ مقامی لوگوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مرمتی کام کا تکنیکی جائزہ لیا جائے اور خامیوں کو فوری طور پر دور کیا جائے۔سوپور بائی پاس پل علاقے میں تجارتی سرگرمیوں کے لیے ایک اہم رابطہ ہے، خصوصاً سیب کے سیزن کے دوران اس کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔ سوپور فروٹ منڈی سے سیب کی بڑی کھیپیں مختلف علاقوں اور بیرونی منڈیوں تک پہنچانے کے لیے بھاری ٹرک روزانہ اس پل سے گزرتے ہیں۔سیب کے کاشتکاروں اور ٹرانسپورٹروں کا کہنا ہے کہ پل کی خراب سطح کے باعث بھاری گاڑیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس سے پھلوں کی ترسیل کا عمل بھی متاثر ہوسکتا ہے۔ ان کے مطابق بھاری ٹرکوں کی مسلسل آمدورفت کے پیش نظر پل کی مرمت اس انداز میں ہونی چاہیے کہ سڑک طویل عرصے تک ٹریفک کا دباو ¿ برداشت کرسکے۔سیب کے کاشتکاروں، ٹرانسپورٹروں اور مقامی باشندوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سوپور بائی پاس پل کا فوری طور پر مکمل تکنیکی معائنہ کیا جائے اور خراب حصوں کی مرمت مقررہ انجینئرنگ معیار کے مطابق انجام دی جائے۔انہوں نے کہا کہ یہ پل علاقے کی تجارتی سرگرمیوں اور روزمرہ آمدورفت کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے، اس لیے بار بار عارضی مرمت کرنے کے بجائے مستقل اور پائیدار حل تلاش کیا جانا چاہیے۔مقامی لوگوں نے حالیہ مرمتی کام کی انجام دہی اور اس کے معیار کے حوالے سے جوابدہی یقینی بنانے پر بھی زور دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ عوام کو بار بار پل کی بندش اور مرمت کے بعد بھی وہی مشکلات برداشت کرنے پر مجبور نہیں کیا جانا چاہیے۔










