رام بن میں سڑک حادثہ ، بس کی پولیس گاڑی کو ٹکر

رام بن میں سڑک حادثہ ، بس کی پولیس گاڑی کو ٹکر

ایس ایچ او سمیت چار پولیس اہلکار زخمی، علاج کیلئے سپتال منتقل

سرینگر/ / این این بی // سرینگر جموں شاہراہ پر چندر کوٹ کے مقام پر سڑک حادثے میں ایس ایچ او سمیت چار پولیس اہلکار زخمی ہو گئے ۔ نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق جموں سرینگر شاہراہ پر ضلع رام بن کے چندرکوٹ علاقے کے نزدیک ایک سڑک حادثے میں اسٹیشن ہاو ¿س آفیسر (ایس ایچ او) سمیت چار پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ حکام کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک بس نے پولیس کی گاڑی کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں پولیس گاڑی سڑک پر الٹ گئی۔حکام کے مطابق یہ واقعہ چندرکوٹ کے دائرہ اختیار میں ایک چوراہے کے نزدیک پیش آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس کی گاڑی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر اور جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سنیل شرما کے قافلے کی سکیورٹی اسکواڈ میں شامل ہونے کے بعد آگے بڑھ رہی تھی۔ سنیل شرما کا قافلہ سرینگر سے جموں کی جانب سفر کر رہا تھا۔ذرائع نے بتایا کہ جیسے ہی پولیس کی گاڑی قافلے کے حفاظتی انتظامات میں شامل ہوئی، اسی دوران ایک بس نے چوراہے کے قریب پولیس گاڑی کو زور دار ٹکر مار دی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ پولیس کی گاڑی بے قابو ہوکر الٹ گئی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار چار پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔زخمی ہونے والوں میں ایس ایچ او انسپکٹر وکی تھاپا بھی شامل ہیں۔ حادثے کے فوراً بعد زخمی پولیس اہلکاروں کو علاج و معالجے کے لیے ضلع اسپتال رام بن منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔حکام کے مطابق تمام زخمی پولیس اہلکاروں کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔