جاوید ڈار نے 18کروڑ روپے کی پی ایم جی ایس وائی روڈ کا سنگ بنیاد رکھا

جاوید ڈار نے 18کروڑ روپے کی پی ایم جی ایس وائی روڈ کا سنگ بنیاد رکھا

بارہمولہ//وزیر برائے زرعی پیداوار ، دیہی ترقی و پنچایتی راج،اِمدادِ باہمی اورالیکشن محکمہ جات جاوید احمد ڈار نے آج L075۔بومنا۔ہروان۔زلورہ سے یمبرزا واری تک سڑک کی تعمیر و مرمت کے لئے 18 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار ہونے والے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ یہ منصوبہ پی ایم جی ایس وائی (جے کے آر آر ڈی اے) بارہمولہ ڈویژن کے ذریعے عملایا جائے گا۔اِس منصوبے کا مقصد علاقے کے لوگوں کو بہتر اور ہمہ موسمی رابطہ فراہم کرنا اور ضروری خدمات، منڈیوں اور دیگر معاشی و سماجی مواقع تک رَسائی کو مضبوط بنانا ہے۔اِس موقعہ پر وزیر موصوف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سڑک رابطہ دیہی ترقی اور ہمہ گیر نمو کا ایک اہم جزو ہے کیوں کہ یہ دیہی کمیونٹیوں اور وسیع معیشت کے درمیان روابط کو مضبوط بناتے ہوئے تعلیم، صحت، منڈیوں اور روزگار تک رَسائی میں سہولیت فراہم کرتا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ حکومت دیہی اور دُور دراز علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ترقی ہر فرد تک پہنچے اور دُور درازبستیوںکے لوگوں کو بنیادی سہولیات اور مواقع تک رسائی حاصل ہو۔جاوید ڈار نے کہا، ’’سڑکوں کی تعمیر بذاتِ خود کوئی منزل نہیں ہے بلکہ یہ لوگوں کو مواقع سے جوڑنے اور اُن کے معیارِ زِندگی کو بہتر بنانے کا ایک ذریعہ ہے۔‘‘اُنہوںنے کہا کہ بہتر رابطہ مقامی اِقتصادی سرگرمیوں اوردیرپا ترقی کے لئے بھی ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتا ہے۔وزیر موصوف نے علاقے کی سیاحتی صلاحیت کو بھی اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ بہتر سڑک رابطہ خطے کے قدرتی اور سیاحتی وسائل کو بروئے کار لانے میں مدد دے سکتا ہے اور بالخصوص نوجوانوں کے لئے مقامی کاروبار اور روزگار کے مواقع پیدا کر سکتا ہے۔ اُنہوں نے اس صلاحیت کو منصوبہ بند اور دیرپا ترقی کے ذریعے بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا۔اُنہوں نے متوازن اور مساوی ترقی کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی ایجنڈے میں دیہی اور دُور دراز علا قوں پر توجہ دی جاتی رہے گی ۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ عوامی بنیادی ڈھانچے کو نچلی سطح پر کمیونٹیزوںکو واضح اور بامعنی فوائد پہنچانے چاہئیں۔ دورے کے دوران وزیر موصوف نے مقامی باشندگان سے بھی بات چیت کی اور ویٹرنری سینٹر و ڈسپنسری، پینے کے پانی کی مناسب فراہمی، بجلی کے بنیادی ڈھانچے، بجلی کے کھمبوں اور تاروں کی تنصیب اور تدریسی عملے کی کمی سے متعلق ان کے مسائل اور مطالبات سنے۔اُنہوں نے لوگوں کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ تمام حقیقی مسائل کو متعلقہ محکموں کے ساتھ اُٹھایا جائے گا اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر مرحلہ وار حل کیا جائے گا۔ اُنہوں نے عوامی شکایات کے بروقت اَزالے اور ضروری خدمات کی مؤثر فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے محکموں کے درمیان مربوط کوششوں پر بھی زور دیا۔جاوید ڈار نے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ ترقیاتی کاموں کی قریبی نگرانی کریں اور ان کی بروقت تکمیل، معیار اور سرکاری وسائل کے مؤثر اِستعمال کو یقینی بنائیں۔اِس موقعہ پراے ڈِی سی سوپور شبیر احمد رینہ، ایکس اِی این آر اینڈ بی، بھیڑ و پشو پالن اور دیہی ترقی محکموں کے سینئر اَفسران کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران اور ملازمین موجود تھے۔