مختلف اقسام کی مٹھائیاں، خشک میوہ جات اور دیگر روایتی و تہوار کی اشیاءخریداروں توجہ کا مرکز
سرینگر / این این بی // روشنیوں کے تہوار دیوالی کے پیش نظر شہر سری نگر کے مختلف بازاروں میں تہوار کی تیاریاں زوروں پر ہیں اور بازاروں میں خاصی رونق دیکھنے کو مل رہی ہے۔نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق دیوالی کی آمد کے ساتھ ہی کشمیری پنڈت برادری سمیت دیگر لوگوں نے بھی تہوار کی تیاریوں کے سلسلے میں بازاروں کا رخ کرنا شروع کردیا ہے، جہاں مٹھائیوں، سجاوٹی سامان، دیے، روشنیوں، تحائف اور دیگر تہوار سے متعلق اشیاءکی خریداری جاری ہے ۔ شہر کے مختلف علاقوں میں دکانوں اور بازاروں کو رنگ برنگی روشنیوں اور دیگر سجاوٹی اشیاءسے سجایا گیا ہے، جس کے باعث بازاروں کی رونق میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ شام کے اوقات میں خاص طور پر بازاروں میں لوگوں کی آمدورفت بڑھ رہی ہے اور کئی مقامات پر خریداروں کی بھیڑ دیکھی جارہی ہے۔دیوالی کی تیاریوں کے سلسلے میں کشمیری پنڈت خاندانوں کی جانب سے بھی مختلف اشیاءکی خریداری کی جارہی ہے۔ لوگ اپنے گھروں کو سجانے کے لیے دیے، برقی قمقمے، پھول، سجاوٹی سامان اور دیگر ضروری اشیاءخرید رہے ہیں، جبکہ عزیز و اقارب اور دوستوں کے لیے تحائف اور مٹھائیاں بھی خریدی جارہی ہیں۔سرینگر کے مختلف علاقوں میں قائم مٹھائیوں کی دکانوں پر بھی خاصی بھیڑ دیکھنے میں آرہی ہے۔ مختلف اقسام کی مٹھائیاں، خشک میوہ جات اور دیگر روایتی و تہوار کی اشیاء خریداروں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ دیوالی کے قریب آنے کے ساتھ خریداری میں مزید تیزی آنے کی توقع ہے۔بازاروں میں آتش بازی اور دیگر تہوار سے متعلق اشیاءبھی دستیاب ہیں، تاہم انتظامیہ کی جانب سے آتش بازی کے استعمال کے حوالے سے جاری کردہ قواعد و ضوابط کی پابندی پر زور دیا جارہا ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ آتش بازی کا استعمال کرتے وقت احتیاط برتیں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔دیوالی کو روشنیوں کے تہوار کے طور پر منایا جاتا ہے اور اسے برائی پر اچھائی اور اندھیرے پر روشنی کی فتح کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ اس موقع پر لوگ اپنے گھروں اور عبادت گاہوں کو چراغوں اور روشنیوں سے سجاتے ہیں، ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے ہیں اور مٹھائیاں تقسیم کرتے ہیں۔سری نگر میں دیوالی کے پیش نظر بازاروں کی سجاوٹ اور لوگوں کی خریداری نے شہر کی تجارتی سرگرمیوں میں بھی اضافہ کردیا ہے۔ مختلف بازاروں میں تہوار کی مناسبت سے خصوصی سجاوٹ کی گئی ہے۔










