ممبئی : حج 2024 کے عازمین حج پہ بھی 2023کی طرح پریشانیوں اور خطرات کے بادل چھارہے ہیں کیوں کہ حج 2024کے لیے روایت کے مطابق اکتوبر کے پہلے یا دوسرے ہفتہ میں حج فارم دستیاب ہوجانا چاہیے تھا مگر اب تک وزارت اقلیتی فلاح وبہبود اور حج کمیٹی آف انڈیا کی حج 2023 کی جائزہ میٹنگ بھی نہیں ہوسکی ہے جبکہ حج 2023 میں حج بے تحاشا مہنگا ہونے کے ساتھ ساتھ تمام طرح کی پریشانیوں کا سامنا حاجیوں کو کرنا پڑا جس کی بنیادی وجہ یہ تھی کہ حج فارم جاری کرنے میں 4.5 ماہ کی تاخیر تھی ان خیالات کا اظہار حج معاملات کے ماہرین نے کیا ہے – واضح رہے کہ حج 2023 کے عازمین کی پریشانیوں کو لے کر احمدآباد اور اورنگ آباد کے حاجیوں نے ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایاتھا اور یہی نہیں بھوپال میں بھی حج کو معاملہ کو لے کر زبردست احتجاج ہوا تھا اور حج ہاؤس ممبئی کے سامنے سماج وادی پارٹی مہاراشٹرکے صدر اور ایم ایل اے ابو عاصم اعظمی کی قیادت میں بھی کرایہ کے معاملہ کو لے کر مظاہرہ ہوا تھا اور اس سلسلے میں مہاراشٹر حکومت کے سابق وزیر عارف نسیم خاں نے بھی وزارت کو خط لکھ کر اپنا احتجاج درج کرایا تھا-










