SBIبرانچ لدھیانہ کی شکایت پرCBIکی کارروائی
سری نگر//مرکزی تحقیقاتی ادارے ’سی بی آئی‘ نے جموں و کشمیر میں بینک فراڈ کیس میں ملوث 2افراد کو گرفتار کیا ۔ سی بی آئی نے بدھ کو کہا کہ اس نے بینک فراڈ سے متعلق ایک معاملے میں ایک نجی کمپنی کے اس وقت کے2 ڈائریکٹروں کو گرفتار کیا ۔جے کے این ایس کے مطابق جاری کردہ ایک بیان میں،سی بی آئی کے ایک ترجمان نے کہا کہ سی بی آئی نے بینک فراڈ کیس کی جاری تحقیقات میں کٹھوعہ میں واقع ایک نجی کمپنی کے اس وقت کے2 ڈائریکٹروں کو گرفتار کیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ایس بی آئی، ایس اے ایم برانچ، لدھیانہ کی شکایت پر نجی کمپنی اور اس کے ڈائریکٹروںز سمیت دیگرافراد کیخلاف12فروری2020 کو مقدمہ درج کیا گیا تھا۔یہ الزام لگایا گیا تھا کہ ملزم نے اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے نامعلوم عہدیداروں کیساتھ سازش کرتے ہوئے، بینک کو121.13کروڑ روپے بشمول اصل رقم 87.88 کروڑروپے کا دھوکہ دیا تھا۔ بیان میں کہاگیاکہ ملزمان نے2006 سے2019 کے دوران پیشگی اجازت حاصل کیے بغیر یا قرض دینے والے بینکوں کو بتائے بغیر مشینری اور دیگر حصوں کو غیر قانونی طور پر ہٹا یا۔اسٹیٹ بینک آف انڈیا، ایس اے ایم برانچ، لدھیانہ کی شکایات میں لکھا ہے کہ ایسی مشینوں، موٹروں وغیرہ کی رقم اکاؤنٹ میں جمع نہیں کی گئی تھی۔ مزید الزام لگایا گیا کہ ملزمان نے بنک کے علم میں لائے بغیر پلپ سیکشن کی امپورٹڈ مشینری اور دیگر پرزہ جات فیکٹری سے چوری چھپے نکال دیے۔سی بی آئی کے مطابق اس میں مزید یہ بھی الزام لگایا گیا کہ ملزمان نے غیر قانونی طور پر مشینری کے پرزے بطور سکریپ فروخت کیے اور مذکورہ غیر قانونی فروخت کو چھپانے کے لیے جعلی رسیدیں ترتیب دیں۔مرکزی تحقیقاتی ادارے ’سی بی آئی‘ نے کہاکہ تحقیقات کے دوران پتہ چلا کہ ملزم نے مبینہ طور پر قرض کے اکاؤنٹ سے رقوم کی منتقلی کی تھی۔ دونوں گرفتار ملزمان کو بدھ کے روزچیف جوڈیشل مجسٹریٹ جموں کی عدالت میں پیش کیا گیا،اورسی بی آئی نے نجی کمپنی کے دونوںسابق ڈائریکٹروں کاریمانڈ حاصل کیا۔










