سابق ٹریڈ یونین لیڈرکے گھر پراہم میٹنگ منعقد،الگ الگ ملازم تنظیموںکویکجاکرنے پراتفاق ،اعلان جلد متوقع
سری نگر//جموں وکشمیرمیں ٹریڈ یونین تحریک کونئی جلابخشنے کیلئے کوششیں تیز کردی گئی ہیں ،اوراس حوالے سے کچھ سابق ٹریڈ یونین لیڈروںکی مداخلت کے آنے والے دنوںمیں مثبت نتائج برآمد ہونے کی توقع ظاہر کی جارہی ہے ۔جے کے این ایس کوباوثوق ذرائع سے معلوم ہواکہ کچھ دن قبل ایک سابق ٹریڈ یونین لیڈر کے گھر پر ایک سرکاری محکمے میں سرگرم دومتوازی ملازم تنظیموںکے لیڈروںکی ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی ،جس میں گزشتہ کچھ برسوں سے قدرے سردیانرم پڑچکی ٹریڈیونین تحریک کوایک نئی جلابخشنے کیلئے متحد اورمنظم ہونے پراتفاق کیاگیا۔کچھ ٹریڈیونین لیڈروںنے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اس اہم پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ ایک سابق اوربااثر سابق ٹریڈیونین لیڈر کے گھر پر میٹنگ منعقد ہوئی،جس میں ایک سرکاری محکمہ میں سرگرم ملازمین کی دومتوازی تنظیموں کے لیڈران موجود تھے ۔اس میٹنگ میں دوملازم تنظیموںنے متحد ہونے کی بات پراصولی طورسے اتفاق کرلیا ۔ایک ٹریڈ لیڈر نے کہاکہ سابق ٹریڈ یونین لیڈر کے گھر پر کئی سینئرملازم لیڈروںکے درمیان سیرحاصل تبادلہ خیال ہوا،جس میں یہ فیصلہ لیاگیاکہ الگ الگ تنظیموں کاوجود ختم کرکے پرانی تنظیم کے جھنڈے تلے متحد ہونا ناگزیر بن گیاہے ،کیونکہ جموں وکشمیرمیں لاکھوں مستقل اورہزاروں عارضی ملازمین کے مسائل اوردیرینہ جائز مطالبات التواء میں پڑے ہوئے ہیں ،اوربقول ان لیڈران کے اس ضمن میں حکومت اورحکام کی جانب سے ابھی تک کوئی حوصلہ افزاء اقدامات روبہ عمل نہیں لائے گئے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ پرانی تنظیم کے جھنڈے تلے متحد ومنظم ہوکر پھرسے کام شروع کرنے پراتفاق ہوگیاہے اوراس ضمن میں اگے چندروز میں باضابطہ طورپراعلان کیا جائے گا۔ٹریڈیونین لیڈروںنے ساتھ ہی کہاکہ سابق ٹریڈیونین لیڈروںنے اپنے وقت میں ملازمین کے مسائل اورمطالبات کواُجاگر کرنے کیلئے مضبوط ہوکر آواز بلند کی تھی ،اوریہی وجہ ہے کہ کئی دیرینہ مطالبات پورے ہوئے اوروقتاً فوقتاً تازہ مطالبات بھی پورے ہوتے رہے لیکن بقول ٹریڈ لیڈروںکیسابق ٹریڈ رہنمائوںکے ملازمتوں سے سبکدو ش ہونے کے بعدنہ صرف ٹریڈ یونین تحریک میں کمزوری آئی ہے بلکہ ٹریڈیونین تنظیمیں بھی بکھر گئیں اوراس کے نتیجے میں مستقل اورعارضی ملازمین کی کوئی مضبوط آواز نہیں رہی ۔ذرائع نے بتایاکہ کئی سابق ٹریڈیونین لیڈروںنے اس صورتحال کاسنجیدگی سے جائزہ لینے کے بعدٹریڈ یونین تحریک کوایک نئی جلابخشنے کیلئے موجودہ لیڈروں کے مابین ہم آہنگی پیداکرنے کی پہل کی ۔انہوںنے مزیدکہاکہ گزشتہ کچھ برسوں سے ملازمین کے مسائل اورمشکلات بڑھ رہے ہیں جبکہ پرانے جائز مطالبات سردخانے میں پڑے ہوئے ہیں ۔ذرائع کے مطابق اسی افسوسناک صورتحال کوملحوظ نظررکھتے ہوئے سابق ٹریڈیونین لیڈروںنے ٹریڈتنظیموںمیں اتحاد واتفاق لانے کی اہم پہل کی ہے ،جسکے خاطر خواہ اورمثبت نتائج سامنے آرہے ہیں ۔سابق ٹریڈ لیڈروںنے موجودہ لیڈروںکویاددہانی کرائی کہ ہم نے اپنے وقت میں تمام ترمشکلات کے باوجودایس آرائو43،ٹائم باونڈ پرموشن،مہنگائی بھتے کی واگزاری کیساتھ ساتھ چوتھے ،پانچویں اورچھٹے تنخواہ کمیشنوںکی سفارشات کوجموں وکشمیرمیں لاگو کرانے کیلئے عملی اورکامیاب جدوجہد کی ۔انہوںنے موجود لیڈروں سے کہاکہ ہماری کامیابی کی بنیاد ہمارے درمیان اتحاد واتفاق اورمکمل ہم آہنگی تھی ،اسلئے وقت کی ضرورت ہے کہ آپ لوگ بھی متحد اورمنظم ہوجائیں ۔سابق ٹریڈلیڈروںکاکہناتھاکہ ملازمین کی اپنے جائز مطالبات کولیکر ہونے والی جدوجہدمیں فوڈ اینڈسپلائز ایسوسی ایشن کی قیادت کاکلیدی رول رہا،اورہزاروں ڈیلی ویجروںکی مستقلی کیساتھ ساتھ آنگن واڑی ورکروں اوردیگر عارضی ملازمین کواُن کے جائز حقوق دلانے میں بھی اُسوقت کی ٹریڈیونین لیڈرشپ پیش پیش رہی ۔انہوںنے موجودہ لیڈروں سے ایک ہونے کامشورہ دیتے ہوئے کہاکہ الگ الگ رہ کرآپ لوگ ملازمین کی آوازکومضبوط نہیں بناسکتے ہیں ۔سابق ٹریڈ یونین لیڈروںنے موجودہ لیڈروں سے کہاکہ اب قیادت آپ لوگوںکے ہاتھوں میں ہے اورآپ کاالگ لاگ خانوںیا گروپوںمیں رہنا ملازمین کے حقوق کاتحفظ نہیں کرسکتا ہے ۔انہوںنے موجودہ لیڈروں سے کہاکہ ٹریڈیونین تحریک کے اپنے اصول ،قواعد وضوابط اورحدود متعین ہیں ،جس میں حکومت وقت اورمتعلقہ حکام کیساتھ بات چیت کے ذریعے مسائل اورمطالبات کوحل کروانابنیادی قدم قرار پایاہے ،اسلئے آپ لوگ بھی ان ہی اصولوں اورقواعد وضوابط کی پابندی کرتے ہوئے آپسی اتحاد کیساتھ ساتھ باہمی اتفاق اورہم آہنگی کوبحال کریں ،تاکہ ملازمین کی آوازمیں پھر سے مضبوطی آسکے ۔










