Weather

جموں وکشمیرمیں اگلے10دنوں کے دوران موسم خشک رہنے اوردھوپ نکلنے کاامکان:محکمہ موسمیات

سری نگر //محکمہ موسمیات نے جموں وکشمیرمیں اگلے10دنوںکے دوران موسم خشک رہنے اوردھوپ نکلنے کاامکان ظاہر کرتے ہوئے منگل کوپیش گوئی کردی کہ یکم دسمبر سے 4دسمبرتک مغربی ہوائوں کے عمل دخل کی وجہ سے موسم خراب رہ سکتا ہے ۔ محکمہ موسمیات نے کہاکہ پیر اورمنگل کی درمیانی رات کشمیروادی کے بیشتر میدانی اوربالائی علاقوںمیں درجہ حرارت معمول سے نیچے رہا جبکہ پہلگام اورگلمرگ بالترتیب سردترین مقامات رہے ۔اس دوران پیر کی طرح منگل کے روز بھی سری نگر سمیت وادی کے بیشترعلاقوںمیںکم شدت والی دھوپ نکلی اورموسم خشک رہا۔جے کے این ایس کے مطابق حالیہ کچھ دنوںکی طرح ہی منگل کے روز بھی کشمیر وادی ،خطہ پیرپنچال ،وادی چناب اور جموں شہر واسکی نواحی علاقوںمیں موسم مکمل طور پر خشک رہا۔وادی میں کم شدت والی دھوپ نکلنے کیساتھ ساتھ مطلع ابرآلود بھی رہا۔تاہم آسمان پر موجود بادل برسنے والے نہیں تھے ۔اس دوران محکمہ موسمیات نے منگل کی صبح کہاکہ اگلے 10 دنوں کے دوران جموں وکشمیر اور لداخ میں خشک اور زیادہ تر دھوپ والا موسم متوقع ہے۔متعلقہ محکمے کے ایک ذمہ دار نے کہاکہ اگلے دس دنوں کے روز کچھ دنوں میں ابر آلود آسمان ممکن ہے، لیکن بارش کا امکان نہیں ہے۔انہوںنے مزید کہاکہ جموں وکشمیر اورلداخ میں خشک موسم دسمبر کے پہلے ہفتے کے آخر تک برقرار رہ سکتا ہے، حالانکہ یکم اور 4دسمبر کے آس پاس کمزور مغربی ڈسٹربنس کا کچھ امکان ہے۔اس دوران محکمہ موسمیات نے کہاکہ حالیہ دنوں میں موسم خشک رہنے اوررات کے وقت آسمان صاف رہنے کی وجہ سے کشمیروادی کے بیشتر میدانی اوربالائی علاقوںمیں درجہ حرارت معمول سے نیچے رہا جبکہ پہلگام اورگلمرگ بالترتیب سردترین مقامات رہے۔انہوںنے کہاکہ پیر اورمنگل کی درمیانی رات سری نگرمیں کم سے کم درجہ حرارت 0.2ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیاجبکہ اتوار اورپیرکی درمیانی شب یہاں درجہ حرارت 3.5ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا تھا۔انہوںنے بتایاکہ وادی کے دیگر میدانی علاقوںمیں بھی دوران شب درجہ حرارت حالیہ دنوںکے مقابلے میں معمول سے کم رہا۔محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی کشمیرمیں واقع سیاحتی مقام پہلگام میں پیر اورمنگل کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.2ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیاگیا جومعمول سے 1.8ڈگری سینٹی گریڈ کم تھا۔انہوںنے کہاکہ شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں واقع مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں پیر اورمنگل کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت منفی3.5ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا جومعمول سے 1.4ڈگری سینٹی گریڈ کم تھا۔متعلقہ محکمے کے ایک ذمہ دار نے مزید کہاکہ شاملی کشمیر کے کپوارہ قصبے میں دوران شب کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.8ڈگری سینٹی گریڈ درج ہوا ،جو معمول سے 1.3ڈگری سینٹی گریڈ کم تھا۔انہوںنے ساتھ ہی کہاکہ قاضی گنڈ میں بھی شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے رہا۔اُن کاکہناتھا کہ متعلقہ محکمے کے ایک ذمہ دار نے کہاکہ پیر اورمنگل کی درمیانی رات قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.2ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیاجومعمول سے 1.8ڈگری سینٹی گریڈ کم تھا۔