سری نگر//جموں و کشمیر جوڈیشل اکیڈمی نے چیف جسٹس جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ اور سرپرست اعلیٰ جموں و کشمیر جوڈیشل اکیڈمی جسٹس ارون پلی کی سرپرستی اور گورننگ کمیٹی کے چیئرپرسن وممبران کی رہنمائی میں آج ڈِسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس مومن آبادسری نگر میں ضلع سری نگرکے جوڈیشل اَفسران اور عملے کے لئے ایشا فاؤنڈیشن کے اشتراک سے’’ یوگا فار مینٹل فِٹنس‘‘ ایک خصوصی سیشن کا اِنعقاد کیا۔ ڈائریکٹر جموںوکشمیر جوڈیشل اکیڈیمی نذیر احمد ڈار نے سیشن کا اِفتتاح کیا۔اُنہوں نے اَپنے خطاب میں عدالتی ذمہ داریوں کی انجام دہی میں جسمانی اور ذہنی تندرستی کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زوردیا۔ اُنہوں نے کہا کہ مؤثر نظامِ اِنصاف کے لئے مستقل ارتکاز، جذباتی توازن اور مضبوط اعصاب ضروری ہیں اور یوگا جیسی منظم صحت بخش سرگرمیاں پیشہ ورانہ کارکردگی اور مجموعی فلاح و بہبود کو بہتر بنانے میں اہم کردار اَدا کرتی ہیں۔اِس پروگرام نے یوگا کو ایک جامع تربیت کے طور پر اُجاگر کیا جو جسم، دماغ، اور سانس کو ہم آہنگ کرتا ہے۔ شرکأکو ترغیب دی گئی کہ وہ اَپنی روزمرہ زِندگی میں سادہ مگر مستقل صحت بخش عادات شامل کریں تاکہ سوچ کی وضاحت کو بڑھایا جا سکے، تنائوکو کم کیا جا سکے اور مضبوطی پیدا کی جا سکے۔جوڈیشل اکیڈیمی نے اِس سیشن کے اِنعقاد میں تعاون اور ماہرانہ رہنمائی فراہم کرنے پر ایشا فاؤنڈیشن کا تہہ دل سے شکریہ اَدا کیا۔پروگرام میں شرکأ نے بھرپور شرکت کی اور اسے بے حد سراہا۔ اکیڈیمی نے پرنسپل ڈِسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج سری نگرحق نواز زرگر کا بھی لاجسٹک سپورٹ اور تعاون کے لئے شکریہ اَدا کیا۔ اکیڈیمی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ مستقبل میں بھی ایسے اقدامات جاری رکھے گی تاکہ عدالتی نظام میں صحت، فلاح و بہبود اور ہمہ جہت ترقی کے کلچر کو فروغ دیا جا سکے۔پروگرام کے اِختتام پر چیف جوڈیشل مجسٹریٹ سری نگر تبسم نے شکریہ کی تحریک پیش کی۔اُنہوں نے جوڈیشل اکیڈمی، ایشا فاؤنڈیشن اور تمام شرکأ کا کامیاب اِنعقاد پر شکریہ اَدا کیا۔










