جموںوکشمیرحکومت ویٹرنری سیکٹر کو مضبوط بنانے کیلئے پُر عزم ہے ۔وزیر جاوید ڈار

جموںوکشمیرحکومت ویٹرنری سیکٹر کو مضبوط بنانے کیلئے پُر عزم ہے ۔وزیر جاوید ڈار

جموں//جموں و کشمیر ویٹرنری ڈاکٹرس ایسوسی ایشن جموں نے کنونشن سینٹرجموں میں ایک روزہ تکنیکی کانفرنس کا اِنعقاد کیا جس کا موضوع’’ویٹرنری ڈاکٹرز: گارڈینز آف فوڈ اینڈ ہیلتھ‘‘ تھا۔اِس موقعہ پروزیر برائے زرعی پیداوار، دیہی ترقی و پنچایتی راج، اِمداد باہمی اور الیکشن محکمہ جات جاوید احمد ڈار مہمانِ خصوصی تھے۔وزیر موصوف نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ویٹرنری ڈاکٹروں کے اہم کردار کو سراہا اور کہا کہ وہ جانوروں اور اِنسانی صحت کے تحفظ میں بنیادی خدمات انجام دیتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ویٹرنری پیشہ ور فیلڈ آپریشنز، فارمز، کلینکس، لیبارٹریز اور آبی زراعت سمیت مختلف شعبوں میں خدمات فراہم کر کے نہ صرف مویشیوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بناتے ہیں بلکہ فوڈ سیفٹی سسٹم کو بھی مضبوط بناتے ہیں۔اُنہوںنے اس شعبے کی معاشی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صحت مند اور پیداواری مویشی غذائی پیداوار اِٖضافہ، کسانوں کی آمدنی بڑھانے ،روزگار پیدا کرنے اور دیرپااِقتصادی ترقی کے لئے نہایت اہم ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ایک مضبوط اور جدید ویٹرنری نظام دیہی معیشت کو مضبوط بنانے اور زرعی شعبے میں لچک پیدا کرنے کے لئے ضروری ہے۔
وزیرموصوف نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی دُوراندیش قیادت میں حکومت دیہی معیشت کی ترقی کے لئے مسلسل پالیسی سازی کر رہی ہے جس میں لائیو سٹاک سیکٹر پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔اُنہوں نے یقین دِلایاکہ کانفرنس میں مقررین کی طرف سے اُٹھائے گئے مسائل اور مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔اِس سے قبل وزیرجاوید ڈار نے پنڈال میں لگائے گئے نمائشی سٹالوں کا معائینہ کیا اور ویٹرنری ڈاکٹروں و دیگر شراکت داروں کے ساتھ بات چیت کر کے ان کی کاوشوں اور اِختراعات کو سراہا۔کانفرنس میں ویٹرنری ماہرین، پیشہ ور اَفراد اور دیگر شراکت داروںنے شرکت کی۔