رفیع آباد میں باغبانی کے بنیادی ڈھانچے کا جائزہ لیا
بارہمولہ//وزیر برائے زرعی پیداوار، دیہی ترقی و پنچایتی راج، کوآپریٹیو اور الیکشن محکمہ جات جاوید احمد ڈار نے آج دلورہ رفیع آباد میں حضرت سیّد میواں شاہ قلندرؒ کی زیارت گاہ پر حاضری دی اور جموں و کشمیر اور ملک میں دائمی اَمن، خوشحالی اور ترقی کے لئے دُعا کی ۔ اِس موقعہ پر وزیر موصوف نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی، عوام کی فلاح و بہبود اور پورے خطے میں مسلسل ترقی کے لئے دُعا کی۔ اُنہوں نے بقعہ عالیہ کے متولی اور عقیدت مندوں کے ساتھ بات چیت بھی کی اور وادی کے بھائی چارے، رواداری اور سماجی ہم آہنگی کی شاندار روایات کو برقرار رکھنے میں ایسے روحانی اداروں کے اہم کردار پر زور دیا۔بعد میں وزیروزیر جاوید ڈارنے محکمہ باغبانی کی ایک سہولیت گاہ کا دورہ کیا اور اُنہوں نے وہاں علاقے کے باغ مالکان اور کسانوں کو فراہم کی جانے والی بنیادی ڈھانچے اور اِمدادی خدمات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اُنہوں نے دستیاب سہولیات کا معائینہ کیا اور کسان کمیونٹی کو فراہم کی جانے والی سکیموں اور تکنیکی مدد کے بارے میں اَپنی رائے طلب کی۔وزیر نے جموں و کشمیر کی دیہی معیشت میں باغبانی کے کلیدی کردار کو اُجاگر کرتے ہوئے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ خدمات کی مؤثر فراہمی، بروقت تکنیکی رہنمائی اور کسانوں تک بہتر رسائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ وہ حکومت کی فلاح و بہبود اور ترقیاتی اقدامات سے پوری طرح مستفید ہو سکیں۔اُنہوں نے باغبانی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے، صلاحیت سازی اوربہتر اِدارہ جاتی تعاون کے ذریعے مضبوط بنانے کے لئے حکومت کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ کسانوں کو بااِختیار بنانے، پیداوار میں اِضافہ کرنے اوریونین ٹیریٹری میں روزگار کے بہتر مواقع پیدا کرنے کے لئے مسلسل کوششیں کی جا رہی ہیں۔وزیر موصوف نے کسانوں کے مسائل کو مؤثر انداز میں حل کرنے اور زمینی سطح پر ترقیاتی پروگراموں کی عمل آوری میں تیزی لانے کے لئے فیلڈ سطح پرفعال نگرانی اور محکمانہ عملے کے درمیان قریبی تال میل کی ضرورت پر زور دیا۔










