گاندربل//وزیر برائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور محکمہ جات جاوید احمد رانا نے وزیر برائے محکمہ زرعی پیداوار و دیہی ترقی جاوید احمد ڈار کے ہمراہ آج گاندربل ضلع کے مختلف علاقوں کا وسیع پیمانے پر موقعاتی معائینہ کیا تاکہ آبپاشی کے پانی کی دستیابی اور ضلع بھر میں آبپاشی سہولیات کے کام کاج کا جائزہ لیا جا سکے۔اس دورے کا مقصد زرعی زمینوں کے لئے مناسب پانی کی فراہمی کو یقینی بنانا اور کسانوں کے مسائل کا ازالہ کرنا تھا۔ معائینے کے دوران وارپورہ، واکورہ، نوبُگ، تولہ مولہ، واسکورہ، صفاپورہ، شہامہ، بسر بُگ اور ضلع کے دیگر علاقوں کا دورہ کیا گیا۔معائینے کے دوران وزرأ نے کسانوں اور مقامی باشندوں سے بات چیت کی اور آبپاشی سہولیات و پانی کی دستیابی سے متعلق روبرو معلومات حاصل کیں۔اُنہوں نے چیف اِنجینئر اور جل شکتی و دیگر متعلقہ محکموں کے سینئر اَفسران کے ہمراہ زمینی صورتحال کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو آبپاشی پانی کی بلا تعطل فراہمی میں حائل تمام رُکاوٹوں کو فوری دور کرنے کی ہدایت دی۔وزیر جاوید رانا نے کسانوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ زراعت جموں و کشمیر کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی او رآبادی کے ایک وسیع طبقے کے لئے روزگار کا بنیادی ذریعہ ہے۔ اُنہوں نے کہا ،’’ زراعت وادیٔ کشمیر کے لوگوں کا سہارا ہے اور ہمارے کسانوں کی فلاح وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت کے لئے اِنتہائی اہمیت کی حامل ہے ۔کسانوں کے مفادات کا تحفظ اور آبپاشی کے پانی کی بروقت دستیابی کو یقینی بنانا ہماری اوّلین ترجیحات میں شامل ہیں اور ہم کاشت کار کمیونٹی کی ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہیں۔‘‘اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ فیلڈ میں موجود رہیں، نگرانی کے عمل کو تیز کریں اور آبپاشی سے متعلق تمام مسائل کو فوری طور پر حل کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ پانی کی قلت یا آبپاشی سہولیات سے متعلق کسی بھی شکایت کو براہ راست ان کے دفتر تک پہنچایا جائے تاکہ فوری کارروائی کی جا سکے۔وزیر جل شکتی نے آبپاشی کے بہتر انتظام، آبپاشی کے بنیادی ڈھانچے کی بہتر نگرانی اور نہروں اور واٹر چینلو ں کی بروقت مرمت و مینی ٹننس کے ذریعے پانی کے اِستعمال کی کارکردگی کو بہتر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ اگرچہ جموں و کشمیر میں زرعی صلاحیت بہت زیادہ ہے، تاہم زیادہ پیداوار کے لئے مؤثر پانی کے انتظام، بہتر بنیادی ڈھانچے اور جوابدہ حکمرانی کے ساتھ مربوط حکمت عملی ضروری ہے۔اُنہوں نے متعلقہ افسران کو زمینی سطح کے مسائل کے حل میں سرگرم رہنے کی تاکید کی۔وزیرجاوید احمد ڈار نے کسانوں سے گفتگو کے دوران کہا کہ پانی زراعت کے لئے سب سے اہم وسیلہ ہے اور اس کا مؤثر اِستعمال زرعی پیداوار کو برقرار رکھنے اور طویل مدتی زرعی ترقی کے لئے ضروری ہے۔ اُنہوں نے یقین دِلایا کہ حکومت صورتحال پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہے اور آبپاشی سہولیات کی بلا تعطل فراہمی اور کسانوں کی جائز شکایات کے ازالے کے لئے تمام ضروری اَقدامات کئے جائیں گے۔وزرأ نے اِس بات کا اعادہ کیا کہ کسانوں کی فلاح وبہبود حکومت کے ترقیاتی ایجنڈے کا مرکزی حصہ ہے اور آبپاشی بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، پانی کے بہتر استعمال اور دیرپازرعی ترقی کے لئے ہر ممکن اَقدامات کئے جائیں گے۔بعد میں وزرأ نے گاندربل کے ڈی ایف او آفس گاندربل میں جل شکتی، جنگلات، محکمہ زرعی پیداوار اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کے ساتھ جائزہ میٹنگ بھی منعقد کی۔دورانِ میٹنگ اُنہوں نے ضلع میں جاری کاموں اور سکیموں کا جائزہ لیا اور افسران کو تمام زیرِ اِلتوا ٔپروجیکٹوںکی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت دی ۔اُنہوں نے مختلف محکموں کے درمیان بہتر تال میل کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ترقیاتی کام مؤثر انداز میں مکمل کئے جا سکیں اور فیلڈ سطح کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔جاوید رانا نے افسران پر زور دیا کہ افسران لوگوںسے مستقل رابطہ برقرار رکھیں اور یہ یقینی بنائیں کہ سرکاری سکیموں کے فوائد بلاتاخیر مستحق مستفیدین تک پہنچیں۔ دورانِ میٹنگ عوامی اہمیت کے متعدد مسائل پر تفصیلی بات چیت کی گئی جس میںبالخصوص ترقیاتی ترجیحات، حکمرانی سے متعلق امور اور ضلع گاندربل کے لوگوںکو درپیش مسائل پر توجہ مرکوز کی گئی۔










