Dheeraj Gupta chairs Bal Sabha, monitors enrolment of beneficiaries under various schemes at Ichgam

بیک ٹو وِلیج کے پانچویں مرحلے کا پروگرام ،دھیرج گپتانے بال سبھا کی صدارت کی

اِچگام میں ایک خصوصی کیمپ میں مختلف سکیموں کے تحت اِستفادہ کنندگان کے اِندراج کی نگرانی کی

بڈگام//پرنسپل سیکرٹری جنگلات و ماحولیات دھیرج گپتا نے آج ایک بال سبھا پروگرام کی صدارت کی اور پنچایت حلقہ اچگام میں منعقدہ ’’ بیک ٹو وِلیج کے پانچویں مرحلے کا پروگرام ‘‘ کے دوران ایک نئے تیار کردہ پلے فیلڈ میں کھیلوں کی سرگرمیوں کا اِفتتاح کیا۔اُنہوں نے بال سبھا پروگرام کے دوران مڈل سکول اور پرائمری سکول اچگام کے طلبا سے بات چیت کی جنہوں نے ان کے ساتھ اُپنے مطالبات اٹھائے۔ اِس موقعہ پرپرنسپل سیکرٹری نے خطاب کرتے ہوئے متعلقہ افراد کو پنچایت حلقہ میں مڈل اور پرائمری سکولوں کے لئے آئی سی ٹی لیب کے لئے پروجیکٹر کی سہولیت، کھیلوں اور فرنیچر کے لئے دیگر ضروری سامان فراہم کرنے کی ہدایت دی۔اِس موقعہ پر پرنسپل سیکرٹری موصوف نے ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام اَکشے لابرو کے ساتھ مل کر مختلف محکموں کی جانب سے اَپنی فلاحی سکیموں اور فلیگ شپ پروگراموںکی بیداری کے لئے لگائے گئے سٹالوں کا بھی معائینہ کیا۔ اُنہوں نے معائینے کے دوران زمین پر محکمہ وار فلاحی سکیموں اور فلیگ شپ پروگراموںکی عمل آوری کا جائزہ لیا۔ پروگرام میں چیئرمین بی ڈی سی، اے ڈی ڈی سی، اے سی ڈی اور تمام ضلعی افسران نے شرکت کی۔اِس موقعہ پرپرنسپل سکریٹری نے منظوری نامے بھی تقسیم کئے اور پی ایم ای جی پی، جے ایس وائی، ممکن، تیجسوینی، ٹی بی کے مریضوں کے لئے غذائی تغذیہ کٹس اور زراعت، این آر ایل ایم اور باغبانی کے محکموں کے استفادہ کنندگان کو بھی نوازا گیا۔دھیرج گپتا اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے بیک ٹو وِلیج کے پروگراموں کے اِنعقاد کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔اُنہوں نے کہا کہ اس پروگرام کو عوام کی شرکت اور انتظامیہ کے احتساب کے ساتھ نچلی سطح پر حکمرانی کا جشن منانے کے ذریعہ کے طور پر دیکھا جانا چاہئے۔بعد میں پرنسپل سیکرٹری نے نئے تعمیر شدہ پلے فیلڈ کا بھی دورہ کیا اور ٹگ آف وار اور کبڈی چمپئن شپ سمیت کھیلوں کی سرگرمیوں کا اِفتتاح کیا۔اُنہوں نے مختلف سکولوں میں بینڈ کا سامان بھی حوالے کیا۔پرنسپل سکریٹری نے کہا کہ اس کھیل کے میدان پر کھیلوں کی سرگرمیوں کا افتتاح کرنا اور یہاں نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کو کھیلوں میں حصہ لیتے ہوئے دیکھنا ہم سب کے لئے بہت اچھا لمحہ ہے۔اِس موقعہ پرضلع ترقیاتی کمشنر اَکشے لابرو نے بھی خطاب کرتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ گراؤنڈ کا بہترین استعمال کریں اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنائیں۔ا‘نہوں نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کی توانائی کو مثبت سمت میں منتقل کرتے ہیں اور انہیں منشیات کی بدعت اور دیگر سماجی برائیوں سے بچاتے ہیں۔واضح رہے کہ بیک ٹو ولیج کا پانچواں مرحلہ 7 ؍نومبر سے شروع ہوا اور 16 ؍نومبر کوجموںوکشمیر یوٹی کے تمام پنچایتوں میں اِختتام پذیر ہوگا۔