dooran

’بیک ٹووِلیج ‘پروگرام کے پانچویں مرحلے کے ایک حصے کے طور پر جل جیون مشن نےپورے جموں وکشمیر میں 4,464 سرگرمیاں اَنجام دیں

سری نگر//جل جیون مشن جموں و کشمیر نے7؍ نومبر سے 16 ؍نومبر 2023 ء کے دوران بیک ٹووِلیج پروگرام کے پانچویں مرحلے کے ایک حصے کے طور پر پورے جموں و کشمیر میں 4,464 سرگرمیاں انجام دیں۔اِن سرگرمیوں میں بیداری کیمپ، واٹر سپلائی سکیموں کا اِفتتاح، کاموں کا معائینہ، فیلڈ ٹیسٹنگ کِٹس کوہینڈل کرنے اور تقسیم کرنے کی تربیت، گرام سبھائوں کا اِنعقاد، مباحثے، مصوری مقابلے،سائن بورڈوں کی تنصیب، پانی کے نمونوں کوجمع اور جانچ کرنا اور دیگر متعلقہ سرگرمیاںشامل ہیں۔اِن سرگرمیوں میں 1,129 خصوصی گرام سبھائیں منعقد کی گئیں، 971 خواتین کو فیلڈ ٹیسٹنگ کِٹس ہینڈل کرنے کی تربیت دی گئی، ایف ٹی کے سے نمٹنے کے لئے 576 تربیتی سیشن منعقد کئے گئے، وزیٹنگ اَفسران نے 530 کاموں کا معائینہ کیا، 497 گاؤں میں ایف ٹی کے کے ساتھ پانی کی جانچ کی گئی، 221 گاؤں میں ایف ٹی کے تقسیم کئے گئے اور 146 سائن بورڈز کی تنصیب، 108 واٹر بیداری کیمپوں، 87 سکول ریلیوں اور 29 مصوری مقابلوں کا اِنعقاد کی سرگرمیاں شامل ہیں۔ضلع کے لحاظ سے جموں ضلع میں 504 سرگرمیاں، ضلع کولگام میں 496 سرگرمیاں، ضلع راجوری میں 407 سرگرمیاں، رِیاسی میں 406 سرگرمیاں، کشتواڑ میں 398 سرگرمیاں، پلوامہ میں 316 سرگرمیاںاور دیگر اَضلاع منعقد کی گئیں۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ جل جیون مشن قومی اہمیت کا ایک فلیگ شپ پروگرام ہے جس کا مقصد جموں و کشمیر یوٹی میں 18.67 لاکھ دیہی کنبوں کو14,000 کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے فنکشنل ہاؤس ہولڈ ٹیپ کنکشن (ایف ایچ ٹی سی) فراہم کرنا ہے جس میں نہ صرف پانی کا دیرپا بنیادی ڈھانچہ بنانا شامل ہے بلکہ مقامی کمیونٹیوںکی صلاحیتوں کو بڑھانا اور انہیں طویل مدتی اور دیرپا بنیادوں پر پانی کی فراہمی کے اثاثوں کے انتظام میں شامل کرنا شامل ہے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری جل شکتی شالین کابرا نے فیلڈ اِنجینئرنگ ٹیموں اورڈسٹرکٹ جل جیون مشن کی جانب سے کئے جانے والے اَقدامات کو سراہتے ہوئے شراکت داروں پر زور دیا کہ وہ جوابدہی، شفافیت اور مقامی کمیونٹیوں کی شمولیت سے مشن کے اہداف کو بروقت مکمل کرنے کی کوششوں کو تیز کریں۔ شالین کابرا نے پرابھاری آفیسر کی حیثیت سے سُول پنچایت کا دورہ کیا اور اُنہوں نے وہاں جل جیون مشن ہر توجہ مرکوز کرتے ہوئے یوٹی اور مرکزی حکومت کی مختلف سکیموں کے بارے میں عوام سے بات چیت کی۔مشن ڈائریکٹرجل شکتی ڈاکٹر جی این ایتو نے مہم کو کامیاب بنانے میں فعال تعاون کے لئے تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں کا شکریہ اَدا کیا ہے۔ اُنہوں نے مہم میں تعاون پر آنے والے اَفسران، پی آر آئیز اور مقامی کمیونٹیوں، لائن ڈیپارٹمنٹوں، فیلڈ سٹاف اور دیگر اَیجنسیوں کا بھی شکریہ اَدا کیا۔