Khud kashi

بیرون ریاستوں میں زیرتعلیم کشمیری طلبہ کی پُراسراراموات کانہ تھمنے والا سلسلہ

بانڈی پورہ کی طالبہ کی میواڑ یونیورسٹی میں مبینہ طور خودکشی

سری نگر//شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع کی ایک21 سالہ طالبہ راجستھان میں یونیورسٹی کے ہوسٹل میں ہفتے کوعلی الصبح بالکونی میں لٹکی ہوئی پائی گئی۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق نائیدکھائی بانڈی پورہ کی اکیس سالہ آفرین فردوس راجستھان کی میواڑ یونیورسٹی کے شعبہ ریڈیولاجی میں دوسرے سال کی طالبہ تھی۔راجستھان کے پولیس حکام نے بتایاکہ اس کشمیری طالبہ کوہفتے کی صبح یونیورسٹی ہوسٹل کی بالکونی میں لٹکاپایاگیا۔انہوں نے بتایا کہ یہ واقعہ راجستھان کے چتور گڑھ ضلع کے گنگرار پولیس اسٹیشن کے دائرہ اختیار میں پیش آیا۔گنگر پولیس اسٹیشن کے انچارج شیو لال مینا نے بتایا کہ طالبہ شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع کی رہنے والی تھی اور یہاں میواڑ یونیورسٹی کے ہاسٹل میں قیام پذیر تھی۔ وہ ریڈیولاجی کے دوسرے سال کی طالبہ تھی۔پولیس افسر شیو لال مینا نے بتایا کہ یہ واقعہ ہفتہ کی صبح تقریباً 4بجکر45منٹ پر پیش آیا۔ انہوںنے کہاکہ ایک طالبہ نے21 سالہ آفرین بنت فردوس کو سامنے کی بالکونی سے لٹکتے دیکھا تواُس نے چیخنا چلاناشروع کیا۔ اطلاع ملتے ہی فوراً وارڈن انو پورنا اور دیگر طالبات اس کے کمرے میں پہنچ گئیںتاہم انکے مطابق تب تک آفرین فردوس مر چکی تھی۔ اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی، پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں سوسائیڈ نوٹ یعنی خودکشی نوٹ برآمد نہیں ہوا جس سے فوری طور خودکشی کی وجوہات معلوم نہ ہو سکیں۔انہوںنے کہاکہ مبینہ طورپرخودکشی کرنے والی کشمیری طالبہ کی لاش کو ڈسٹرکٹ ہسپتال کے مردہ خانہ میں رکھوا دیاگیاہے۔ایس ایچ ائو شیو لال مینا نے مزید کہا کہ معاملے کی اطلاع گھر والوں کو دے دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہوسٹل میں متوفیہ کے ساتھ ان کی ایک رشتہ دار طالبہ بھی رہائش پذیر تھی جس کی رپورٹ پر مزید کارروائی کی جائے گی۔ہوسٹل وارڈن اناپورنا نے بتایا کہ متوفیہ جمعے کو رات ساڑھے 10 بجے تک اپنی سہیلیوں کے ساتھ تھی، اس کے بعد وہ سونے چلی گئی۔ اس وقت اس واقعہ کی وجہ سے پورا یونیورسٹی کیمپس سوگوار ہے۔انہوں نے کہا کہ معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔قابل ذکر ہے کہ کشمیر سے تعلق رکھنے والی 22 سالہ نرسنگ طالبہ بھی گزشتہ ہفتہ کو پنجاب نرسنگ کالج میں اپنے ہوسٹل کے کمرے میں لٹکی ہوئی پائی گئی تھی۔