amit shah

بھارت کے ساتھ جموں کشمیر کے الحاق کا دن

یہ دن کافی اہمیت کا حامل ، جموں کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ انگ :امت شاہ

سرینگر//بھارت کے ساتھ جموں وکشمیرکے الحاق کا دن آج پورے مرکزکے زیرانتظام علاقے میں منایا جارہا ہے۔ اس موقعے پر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ جموں کشمیر اب پوری طرح سے بھارت کاحصہ ہے اور پاک زیر انتظام کشمیر کو بھی اس حصے سے ملایا جائے گا۔ سی این آئی کے مطابق بھارت کے ساتھ جموں وکشمیر کے الحاق کا دن آج پورے مرکزکے زیرانتظام علاقے میں منایا جارہا ہے۔ جموں وکشمیر کے الحاق کے دن کی کافی اہمیت ہے۔ 1947 میں اسی دن جموں وکشمیر کے مہاراجہ ہری سنگھ نے دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت بھارت کا حصہ بننے کے لئے الحاق کے معاہدے پردستخط کئے تھے۔ الحاق کادن مرکزکے زیرانتظام علاقے میں سرکاری تعطیل ہے۔ پانچ اگست 2019 کو دفعہ 370 اور 35 A کی منسوخی کے بعد 2020 میں پہلی مرتبہ جموں وکشمیر کے یوم الحاق کو سرکاری چھٹی کادن قرار دیا گیا۔ الحاق کا معاہدہ ایک قانونی دستاویز ہے جس پر جموں کشمیر کی رجواڑہ ریاست کے حکمراں مہاراجہ ہری سنگھ نے 26 اکتوبر 1947 کو دستخط کئے تھے۔اس ضمن میں مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ جموں کشمیر اب بھارت کا اٹوٹ حصہ بن گیا ہے اور اب کشمیر میں حالات کافی بہتر ہوئے ہیں ۔ امت شاہ نے مزید کہا ہے کہ پاکستانی زیر انتظام کشمیر کو بھی اس حصے کے ساتھ جوڑا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن پہلے ہی اُس پار کے جموںکشمیر کیلئے اسمبلی نشستیں مختص رکھتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی حکمرانی میں ایک ایسا کارنامہ انجام دیا گیا جس سے ملک کی سالمیت مزید مضبوط ہوئی ہے ۔ وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ آج کا دن انتہائی اہم ہے کیوں کہ اس روز بھارت کے ساتھ جموں کشمیر کا الحاق ہوا اور اس کی تقدیر بھارت کے ساتھ جڑ گئی ۔