بڑھتی سردی کے بیچ سرمائی تعطیلات 5،12اور19دسمبر کوہوگاباضابطہ اعلان

سری نگر//محکمہ اسکولی تعلیم کشمیر کی جانب سے سرمائی تعطیلات سے متعلق پیش کردہ تجویز کی روشنی میں انتظامیہ ، کشمیروادی اور جموںکے سرمائی زون والے علاقوں میں 5سے19دسمبرتک مرحلہ وار بنیاد وں پر چھٹیوں کااعلان کرے گی۔جے کے این ایس کے مطابق ڈیپارٹمنٹ آف اسکول ایجوکیشن کشمیرکی جانب سے وادی اورجموں صوبے کے سرمائی زون والے علاقوں میں سرمائی تعطیلات سے متعلق ایک تجویز حکومت کوپیش کی گئی ۔اس تجویز کے تناظر میں انتظامیہ نے جمعے کے روز کہاکہ کشمیروادی اور جموںکے سرمائی زون والے علاقوں میں مرحلہ وار بنیادوں پر سرمائی تعطیلات کااعلان کیا جائیگا۔حکام نے بتایاکہ پہلے مرحلے میں 5دسمبر کوپرائمری لیول یعنی5ویں جماعت تک کیلئے سرمائی تعطیلات کااعلان کیا جائے گا،جسکے بعدچھٹی سے آٹھویں جماعت تک کیلئے دوسرے مرحلے میں 12دسمبر کوسردیوں کی چھٹیوں کااعلان ہوگا جبکہ ماہ دسمبر کی 19تاریخ کوہائی اورہائراسکنڈری سطح کے طالب علموں کیلئے سرمائی تعطیلات کااعلان کیا جائیگا۔