TRAFFIC

بارشوں اور برفباری کے بعد موسمی صورتحال میں بہتری

سرینگر جموں شاہراہ اور تاریخی مغل روڑ پر ٹریفک کی آمد رفت دوبارہ بحال

سرینگر// برفباری اور بارشوں کے بعد موسمی صورتحال میںبہتر ی آنے کے ساتھ ہی سرینگر جموں شاہراہ اور مغل روڑ پر ٹریفک کی آمد رفت بحال کردی گئی ہے ۔ سٹار نیوز نیٹ ورک کے مطابق جمعہ کو بارشوں اور برفباری کے بعد سرینگر جموںشاہراہ اور مغل روڑ سمیت دیگر کئی اہم شاہرائیں ٹریفک کی آمد رفت کیلئے بند کر دی گئی تھی تاہم موسم میں بہتری آنے کے ساتھ ہی ٹریفک دوبار ہ بحال کر دیا گیا ہے ۔ نمائندوں کے مطابق سرینگر جموں شاہراہ کو جمعہ کی شام دیر گئے ہی ٹریفک کیلئے بحال کر دیا گیا جس کے ساتھ ہی پہلے درماندہ پڑی گاڑیوںکو چلنے کی اجازت دی گئی تاہم بعد میں صبح دونوں اطراف سے گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی گئی ۔ اسی دوران شوپیان سے نمائندے نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ برفباری سے بند پڑے تاریخی مغل شاہراہ کو سنیچروار کو ٹریفک کی آمد رفت کیلئے بحال کر دیا گیا ہے ۔ ٹریفک حکام کے مطابق پونچھ اور راجوری کے اضلاع کو شوپیان سے جوڑنے والی تاریخی مغل سڑک کو ٹریفک کیلئے دوبارہ کھول دیا۔ حکام نے بتایا کہ سڑک پر برف صاف کرنے کا کام مکمل ہونے کے بعد گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی گئی۔ پیر کی گلی میں تازہ برف باری کے بعد سڑک گزشتہ دنوں سے بند تھی۔ڈی وائی ایس پی ٹریفک راجوری پونچھ رینج آفتاب بخاری نے بتایا کہ سڑک کو ٹریفک کیلئے سنیچروار کے روز کھول دیا گیا ہے جس دوران گاڑیوں کو اپنی منزلوں کی جانب روانہ کیا گیا ہے ۔