modi3

’ایک ملک، ایک آئین‘کا عزم پورا

جموں و کشمیر نے علیحدگی پسندوں کو مسترد کر دیا ہے//وزیر اعظم

سرینگر//وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو قومی اتحاد کے دن کے موقع پر کہا کہ ان کی حکومت نے’ایک ملک، ایک آئین‘کے عزم کو پورا کر لیا ہے، اور اب وہ ملک میں’ایک ملک، ایک انتخاب‘ اور ’یکساں سول کوڈ‘ کے نفاذ کے لیے کام کر رہی ہے۔ گجرات کے کیوڑیام میں منعقدہ قومی اتحاد کے دن کے پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے مودی نے اتحاد کے فروغ کے لیے حکومت کی کوششوں کا ذکر کیا، اور بتایا کہ مرکزی حکومت نے صحت کی سہولیات، شناختی کارڈ، راشن، اور بجلی کی گرڈ جیسی کئی چیزوں کو یکساں طور پر نافذ کیا ہے۔ انہوں نے خاص طور پر جموں و کشمیر میں دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد وزیر اعلیٰ نے ایک آئین کے حلف اٹھانے کا ذکر کیا۔۔انہوں نے کہا’علیحدگی پسندوں کو مسترد کر دیا گیا ہے‘۔وزیر اعظم مودی نے کہا’’ جموں و کشمیر نے علیحدگی پسندوں کو مسترد کر دیا ہے۔ اب دہشت گردی کے آقاوں کو ملک چھوڑنا پڑے گا‘‘۔وزیر اعظم نے ملک میں نکسل ازم کے خاتمے، شمال مشرق میں علیحدگی پسندوں کو مرکزی دھارے میں شامل کرنے، اور دہشت گردی کا منہ توڑ جواب دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے یوم اتحاد کے موقع پر اتحاد کا عہد بھی کروایا۔پروگرام میں نو ریاستوں اور ایک مرکز کے زیر انتظام علاقے کے پولیس دستوں نے پریڈ میں شرکت کی، جس میں این ایس جی کا ہیل مارچ دستہ، بی ایس ایف اور سی آر پی ایف کے بائیکرز کی کارکردگی، اور ہندوستانی فضائیہ کا ‘سوریہ کرن’ فلائی پاسٹ بھی شامل تھے۔مودی نے کہا کہ ترقی اور اعتماد کا اتحاد ہی’ایک بھارت، سریشٹھ بھارت‘کے قیام کو قوت دیتا ہے۔ انہوں نے سردار پٹیل کے 150 ویں یوم پیدائش کی یاد دلاتے ہوئے کہا کہ ملک اگلے دو سالوں میں ان کی کامیابیوں کا جشن منائے گا۔انہوں نے چھترپتی شیواجی مہاراج کو بھی یاد کیا اور کہا کہ ان کی بہادری ہمارے لیے ترغیب کا باعث ہے۔ وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ تنوع میں اتحاد کی ہماری صلاحیت کا امتحان جاری رہے گا، اور یہ کہ ان کی حکومت نے گزشتہ 10 سالوں میں اس اتحاد کو فروغ دیا ہے۔اس دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کی صبح سردار ولبھ بھائی پٹیل کے یوم پیدائش کے موقع پر سردار پٹیل کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت نذر کئے۔صبح منعقد ہونے والی پریڈ میں شرکت کر سیکورٹی دستوں کی پریڈ کی سلامی لی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے تقریب میں موجود تمام لوگوں کو قومی اتحاد کا حلف دلایا۔