rama sastri

ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل بی ایس ایف کاجموںمیں کئی سرحدی سیکٹروں کادورہ

بین الاقوامی پرتعینات جوانوں کی کاوشیں قابل سراہنا: پی وی راما ساستری

سری نگر//بی ایس ایف کی مغربی کمان کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پی وی راما ساستری نے بدھ کو جموں و کشمیر میں بین الاقوامی سرحد پر تعینات جوانوں اورافسروں کے ساتھ بات چیت کی اور ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے میں ان کی کوششوں کی تعریف کی۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل مغربی کمان پی وی راما ساستری نے جموں سرحد کے اپنے3 روزہ دورے کے آخری دن بین الاقوامی سرحدکے ساتھ سندر بنی اور اندریشور نگر سیکٹروں کا دورہ کیا۔ جے کے این ایس کے مطابق سرحدی محافظ فورس کے ترجمان نے کہاکہ دورے کے دوران انہیں انتظامی پیچیدگیوں، بی ایس ایف کی مجموعی تعیناتی اور موجودہ سیکورٹی منظر نامے کے تحت تسلط کے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ترجمان نے بتایا کہ بی ایس ایف کے انسپکٹر جنرل، جموں فرنٹیئر، ڈی کے بورا اور فورس کے دیگر سینئر افسران نے ساستری کے ساتھ جموں میں بین الاقوامی سرحد پر سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ بی ایس ایف کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل سندر بنی اور اندریشور نگر سیکٹرز اور بٹالین کمانڈروں نے ساستری کو انتظامی پیچیدگیوں، بی ایس ایف کی مجموعی تعیناتی اور موجودہ سیکورٹی منظر نامے کے تحت بین الاقوامی سرحد کے علاقے پر تسلط کے منصوبے کے بارے میں بتایا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل بی ایس ایف نے سندر بنی اور اندریشور نگر سیکٹر کے اہم علاقوں کا بھی دورہ کیا اور فیلڈ فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔بی ایس ایف کے ترجمان نے کہا کہ دورے کے دوران، ساستری نے ’پرہاری سمیلن‘میں فوجیوں کیساتھ بات چیت کی اور اس طرح کے سخت حالات میں آئی بی کی حفاظت کرنے میں ان کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔موصوف ترجمان نے کہا کہ انہوں نے ملک دشمن عناصر کے تمام ناپاک عزائم کو کامیابی کے ساتھ ناکام بنانے میں بی ایس ایف کی انتھک کوششوں کی ستائش کی۔انہوں نے کہا کہ فوجیوں نے اے ڈی جی کے ساتھ پورے جوش اور ولولے کے ساتھ بات چیت کی۔ بی ایس ایف کی مغربی کمان کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پی وی راماساستری 14 نومبر کو جموں سرحد پر پہنچے اور سیکورٹی صورتحال بشمول ڈرون سرگرمیوں اور سرحد پار سے اسمگلنگ سے متعلق چیلنجز کا جائزہ لیا۔