جموں//نیشنل اسسمنٹ اینڈ ایکریڈیٹیشن کونسل ( این اے اے سی ) بنگلورو نے ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جموںوکشمیر کے اِشتراک سے پی ایس پی ایس گورنمنٹ پی جی کالج فار وومن گاندھی نگرمیں جموںوکشمیر یوٹی کے کالجوں کے لئے این اے اے سی بیداری پروگرام کا اِنعقاد کیا۔گورنمنٹ کالج فار وومن پریڈ کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی اس تقریب کا مقصد شرکأ میں این اے اے سی کے رہنما خطوط کے بارے میں بیداری پیدا کرنا تھا۔اِس موقعہ پر پرنسپل سیکرٹری تعلیم محکمہ آلوک کمار مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے۔آلوک کما رنے این اے اے سی کی بیداری کے لئے اِس طرح کے معلوماتی ورکشاپ کے اِنعقاد پر منتظمین کو مبارک باد دی اور سراہا۔اُنہوں نے کہا ،’’ ہمیں صرف گریڈنگ پر توجہ نہیں دینی چاہیے بلکہ تعلیمی معیار کو برقرار رکھنے کے لئے مسلسل کوشش کرنی چاہیے۔‘‘ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ ہمیں جدید دُور کی تکنیکی ایجادات سے موجودہ تعلیمی نظام میں مزید بہتری کے لئے کوشاں رہنا چاہیے۔اِس موقعہ پر نائب مشیروں این اے اے سی پرتیبھا سنگھ اور ایس سری نواسا،سینئر کمیونیکیشن کم پبلی کیشن آفیسر این اے اے سی ڈاکٹر وحید الحسن ،ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر یاسمین عشائی او ردیگر اعلیٰ اَفسران بھی موجود تھے۔پروگرام میں جموںوکشمیر کے مختلف کالجوں کے پرنسپلوں ، آئی کیو اے سی کوآرڈی نیٹر وں اور فیکلٹی ممبران نے بھی شرکت کی۔نوڈل پرنسپل جموں ڈویژن کالجز ڈاکٹر ایس پی سرسوت نے کہاکہ کس طرح این اے اے سی اور ایکریڈیٹیشن کا عمل اِداروں کی کارکردگی کا جائزہ لینے میں مددکرتا ہے۔ڈاکٹر پرتیبھا سنگھ نے این اے اے سی کے اِس ورکشاپ کے ایجنڈے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایکریڈیشن بنچ مارک کا معیار ہے ۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ تعلیمی اِداروں کو قومی تعلیمی پالیسی ۔2020 کے مطابق تبدیلیوں کو ایڈجسٹ کرنا چاہیے اور افیلیشن کے نظام سے باہر نکل کر خود مختار اِدارے بننے کی کوشش کرنی چاہیے۔ڈاکٹر یاسمین عشائی نے معلوماتی تقریب کے اِنعقاد کا مقصد کے بارے تفصیلی تعارف پیش کیا۔اُنہوں نے قومی تعلیمی پالیسی۔2020میں کامیاب منتقلی کے لئے محکمہ ہائیر ایجوکیشن کی تعریف کی۔اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ کالج کے پاس این اے اے سی کی طر ف سے پیش کردہ معیار کے پیرامیٹروں کو پورا کرنے کے لئے ایک مضبوط انٹرنل کوالٹی ایشورنس کمیٹی ہونی چاہیے۔ اُنہوں نے کہا کہ اَچھے اِدارے اچھی مصنوعات تیار کرتے ہیں۔اِس لئے کالج کو خود تشخیص اور بہتری پر توجہ دینی چاہیے۔صوبہ کشمیر کے کالجوں کے نوڈل پرنسپل ڈاکٹر خورشید احمد خان نے اِفتتاحی سیشن کے لئے شکریہ کی تحریک پیش کی جس کے بعد قومی ترانہ گایا گیا۔دوسرے سیشن میں تکنیکی تقریبات کے ساتھ تقریب کی کارروائی جاری رہی اور سیشن کے اِختتام پر ایم اے ایم کالج کے پرنسپل پی ایس رکوال نے شکریہ کی تحریک پیش کی۔










