اَفسرا ن کوسرمائی موسم سے قبل جنگی بنیادوں پر کاموں کو مکمل کرنے کی ہدایت
کپواڑہ//وزیر اعلیٰ کے مشیرناصر اسلم وانی نے لولاب سب ڈویژن کے کلاروس میں دور دراز علاقے موری کا دورہ کیا تاکہ وہاں کے لوگوں کو درپیش ترقیاتی مسائل اور مشکلات کا جائزہ لیا جا سکے۔مشیرموصوف کے ہمراہ ایس اِی آر اینڈ بی سرکل کپواڑہ، اے سی ڈِی کپواڑہ، اے سی پی اور متعلقہ محکموں کے دیگر اَفسران بھی تھے۔دورے کے دوران اُنہوںنے موری کے سونا پینڈ گاؤں کا معائینہ کیا جہاں حال ہی میں بادل پھٹنے کے واقعے میں کئی رہائشی مکانات اور ایک مسجد کو نقصان پہنچا تھا۔اُنہوں نے متاثرہ رہائشیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے متاثرہ کنبوں اور بنیادی ڈھانچے کی بحالی اور رِی ہیبلٹیشن کے لئے خصوصی اِمداد کا اعلان کیا ہے۔مشیر ناصر اسلم وانی نے اَپنے دِن بھر کے دورے کے دوران قصبہ کلاروس میں لستیال پُل کے قریب سپورٹس سٹیڈیم کی تعمیر کے لئے تجویز کردہ زمین کا بھی معائینہ کیا۔ اُنہوں نے ایگزیکٹیو اِنجینئر، سپورٹس کونسل سری نگر کو ہدایت دی کہ ایک ہفتے کے اندر تعمیراتی کام کا آغاز یقینی بنایا جائے۔اُنہوںنے موری کے مختلف عوامی وفود سے بھی ملاقات کی جنہوں نے سڑک رابطے، پانی کی فراہمی، راشن اور دیگر بنیادی سہولیات سمیت اپنے روزمرہ کے ترقیاتی مسائل سے آگاہ کیا۔ اُنہوں نے وفودکے مسائل بغور سُنا اور انہیں یقین دِلایا کہ ان کے حقیقی مسائل کو بروقت حل کرنے کے لئے متعلقہ محکموں کے ساتھ اُٹھایا جائے گا۔اِس موقعہ پر مشیرموصوف نے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ دُور دراز اور دُشوار گزار علاقوں کے مسائل کو اوّلین ترجیح دی جائے اور بالخصوص سرمائی موسم کے پیش نظر ترقیاتی کاموں کو جنگی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔مشیرناصر اسلم نے سونا پینڈ گلی، ناریزیب، لادہ، کوٹھیاں، ناگسری، تھایاں گجراں، موری اور ملحقہ علاقوں سمیت مختلف دیہاتوں اور بستیوں کا تفصیلی دورہ کیا اور مقامی آبادی کی ترقیاتی ضروریات کا جامع جائزہ لیا۔اِس سے قبل اُنہوںنے سوگام میں متعلقہ اِفسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کی اور جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت اور فوری توجہ کے متقاضی اہم مسائل کے بارے میں تفصیلی رپورٹ طلب کی۔میٹنگ میں اے سی ڈِی کپواڑہ، اے سی پی کپواڑہ، اے ڈِی فوڈ، ایگزیکٹیو اِنجینئر سپورٹس کونسل اور مختلف محکموں کے دیگر سینئر اَفسران و نمائندوں نے شرکت کی۔










