31 اگست سے بارشوں کی پیشگوئی، عوام کو احتیاط کی ہدایت
سرینگر//یو این ایس / محکمہ موسمیات نے آج جموں و کشمیر کے لیے موسم کی تازہ پیشین گوئی جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آنے والے چند دنوں تک وادی اور جموں خطے میں گرم اور مرطوب موسم کی صورتحال برقرار رہے گی، تاہم اس ماہ کے آخر میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔یو این ایس کے مطابق محکمہ موسمیات کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ 30 اگست تک جموں و کشمیر میں مجموعی طور پر موسم گرم اور حبس والا رہے گا۔ اس دوران صبح سویرے اور دوپہر کے اوقات میں کہیں کہیں ہلکی بارش اور گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی ہو سکتی ہے، لیکن بڑے پیمانے پر موسم خشک ہی رہے گا۔ گرمی اور حبس کی وجہ سے دن کے وقت شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔عہدیدار نے مزید بتایا کہ 31 اگست سے یکم ستمبر تک موسم میں تبدیلی متوقع ہے۔ اس دوران عام طور پر گرم اور مرطوب موسم کے ساتھ ساتھ وادی اور جموں کے کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش اور گرج چمک کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ صبح اور سہ پہر کے وقت کہیں کہیں مختصر مگر تیز بارش بھی ہوسکتی ہے، جس سے درجہ حرارت میں کچھ کمی واقع ہو سکتی ہے۔محکمہ کے مطابق 2 ستمبر سے 7 ستمبر تک ایک بار پھر موسم میں بہتری آئے گی اور عام طور پر خشک موسم رہنے کی توقع ہے۔ تاہم اس دوران بھی صبح اور دوپہر کے وقت چند مقامات پر ہلکی بارش یا گرج چمک کا امکان مسترد نہیں کیا جا سکتا۔محکمہ موسمیات نے اپنی ایڈوائزری میں خاص طور پر خبردار کیا ہے کہ 31 اگست اور یکم ستمبر کے دوران مقامی سطح پر ہونے والی شدید اور مختصر بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں اچانک سیلاب (فلیش فلڈ)، پہاڑی علاقوں میں مٹی کے تودے کھسکنے اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔ خاص طور پر جموں خطے، پیر پنچال اور وادی کے حساس پہاڑی راستوں پر سفر کرنے والے لوگوں کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔محکمے نے کسانوں کے لیے بھی ہدایات جاری کی ہیں۔ عہدیدار نے کہا کہ کسان اپنی فصل کی کٹائی اور دیگر زرعی سرگرمیاں فی الحال جاری رکھ سکتے ہیں کیونکہ آنے والے دو تین دن موسم سازگار رہے گا۔ تاہم 31 اگست کے بعد بارشوں کے پیش نظر وہ اپنی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی پہلے سے کر لیں۔










