ایس پی کالج کا ڈِسٹرکٹ الیکشن آفس سری نگر کے اِشتراک سے سویپ ( ایس وِی اِی اِی پی )کے تحت میگا بیداری پروگرام کا اِنعقاد

سری نگر//سری پرتاپ کالج سر ی نگر نے ڈِسٹرکٹ الیکشن آفس سری نگر کے اِشتراک سے اِنتخابی فہرستوں2023 ء کی سپیشل سمری رِی ویژن کے لئے سسٹمیٹک ووٹرز ایجوکیشن اینڈ الیکٹورل پارٹیسی پیشن (ایس وی ای ای پی) کے تحت ایک میگا بیداری پروگرام کا اِنعقاد کیا۔ پروگرام کی کوآرڈی نیٹر ڈاکٹر شازیہ مشتاق نے پروگرام کا تعارف پیش کرتے ہوئے قوم کے مستقبل کی تشکیل میں اِنتخابی عمل کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔پرنسپل ایس پی کالج پروفیسر (ڈاکٹر) غلام جیلانی قریشی نے اَپنے خطبہ اِستقبالیہ میں ایک متحرک اور حقیقی عوامی جمہوریت کے قیام کے لئے ووٹر رجسٹریشن اور ووٹنگ کی اہمیت پر زور دیا جہاں احتساب اور شفافیت ہو۔ پرنسپل موصوف نے مزید زور دیا کہ ووٹنگ ایک کامیاب جمہوری سیٹ اَپ کا بنیادی ستون ہے۔ سویپ پروگرام کے اِنچارج ڈاکٹر منظور احمد ریشی نے اَپنے خطاب میں رائے دہندگان کے اِندراج کی اہمیت ، نوجوان رائے دہندگان کی پالیسی سازی اور گورننس میں تبدیلی لانے کے طریقوں پر روشنی ڈالی۔ڈسٹرکٹ الیکشن آفس سری نگر کے آئی ٹی ماہر ڈاکٹر مہر راتھر نے ووٹر ہیلپ لائن ایپ کا اِستعمال کرتے ہوئے ووٹر رجسٹریشن کے عمل کا سٹیج پر مظاہرہ کیا۔ اُنہوں نے ہرمرحلہ کی تفصیل سے وضاحت کرتے ہوئے آن سپاٹ رجسٹریشن کے لئے طالب علموں کی رہنمائی کی۔کالج کے طالب علم شاہ زیب پرویز نے اِنتخابی عمل کی اہمیت پر پاور پوائنٹ پرزنٹیشن پیش کی۔ کالج کے طلباء نے دن بھر کی بیداری کو جمہوری اَقدار کا جشن بنانے کے لئے مختلف ثقافتی پروگرام پیش کئے۔ حریم فاروق اور شیخ شاہد کی قیادت میں طالبات کے ایک گروپ نے اِنتخابی عمل پر ایک سکٹ پیش کیا۔ رضوان اور اُن کی ٹیم اور رینہ نقی اور فرخ نہاد نے اعلیٰ معیار کے گانے کے پروگرام پیش کئے۔کالج کے فیکلٹی ممبر ڈاکٹر نجم بٹ نے ایک عمدہ غزل پیش کی۔ ڈی ایم او سری نگر ڈاکٹر محمد سلیم نے بھی پروگرام کی کارروائی میں شرکت کی۔ ووٹر رجسٹریشن کی حمایت میں دستخطی مہم دِن بھر کے پروگرام کی ایک خاص بات تھی۔