آج اور کل جواہر ٹنل کے آرپار وسیع پیمانے پر برف وباراں

سری نگر//محکمہ موسمیات نے’’6اور7نومبر کو جواہر ٹنل کے آرپار وسیع پیمانے پر برف وباراں کاقوی امکان ‘‘ظاہر کرتے ہوئے یہ ایڈوائزری بھی جاری کردی کہ موسمی صورتحال ابترہونے کے باعث سری نگرجموں قومی شاہراہ ،سری نگر لیہہ شاہراہ ،مغل روڑاور سنتھن روڑ پر ٹریفک کی نقل وحمل میں عارضی خلل پڑسکتا ہے ۔جے کے این ایس کے مطابق حالیہ کچھ دنوںکی طرح ہی سنیچر کوصبح سے ہی پوری کشمیروادی ،وادی چناب ،خطہ پیرپنچال اورجموں شہر سمیت دیگر علاقوںمیں مطلع ابرآلودرہا جبکہ بعددوپہر اورسہ پہر کے وقت کئی علاقوںمیں بارشوں کاسلسلہ شروع ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں اورکچھ بالائی علاقوںمیں ہلکی برف باری شروع ہونے کی بھی اطلاع ملی ۔آسمان پر بیشتر وقت بادل چھائے رہنے کے باعث کشمیر وادی میں دن کادرجہ حرارت معمول سے کچھ کم رہا۔اس دوران محکمہ موسمیات نے ہفتے کی صبح موسمی تغیروتبدل سے متعلق تازہ ایڈوائزری جاری کی۔محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر میں اگلے2 دنوں تک بڑے پیمانے پر بارش اور برف باری کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہاکہ درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے۔محکمہ موسمیات نے6 اور 7 نومبر کو اونچائی والے علاقوں یعنی بالائی مقامات بشمول گلمرگ ،سونہ مرگ ،زوجیلا ، سادھنا ٹاپ،سنتھن ٹاپ اورپیر کی گلی جیسے اوپری مقامات پر 2سے3 فٹ تک بھاری برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہاکہ بالائی مقامات کے نزدیک واقع علاقوںمیں بھی برف باری ہوسکتی ہے لیکن نچلے یامیدانی علاقوںمیں فی الوقت برف باری کاکوئی امکان نظرنہیں آرہاہے ،تاہم میدانی علاقوںمیں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشیں ہونگی ،جسکے نتیجے میں درجہ حرارت میں کمی آئے گی اورسردی کی شدت میں اضافہ ہوسکتاہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق 5نومبر بروز سنیچر کوزیادہ تر مقامات پر عام طور پر ابر آلود موسم کی توقع ہے تاہم بالائی علاقوں میں سہ پہر اورشام سے ر بارش وبرفباری شروع ہونے کا قوی امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدار نے بتایاکہ 6 اور 7 نومبر کو جموں و کشمیر کے زیادہ تر مقامات پر درمیانی بارش اور برفباری (بالائی مقامات) ہونے کا بہت امکان ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر کے میدانی علاقوں، خاص طور پر جنوبی کشمیر میں 6اور7نومبر کے دوران باالائی علاقوںمیں 2سے3انچ برف باری کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے پھر خبردارکیاکہ وادی کشمیر اورخطہ پیرپنچال کے بالائی علاقوںمیں بھاری برف باری (2سے3 فٹ) کا بہت امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے ایک ایڈوائزری بھی جاری کی، جس میں لوگوں پر زور دیا گیا کہ وہ سفر شروع کرنے سے پہلے سڑکوں کی حالت کی تصدیق کر لیں تاکہ تکلیف سے بچا جا سکے۔