جموں//ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ زرعی پیداوار اَتل ڈولو نے آج سول سیکرٹریٹ میں جموںوکشمیر میں بیجوں او رپودے لگانے کے مواد کی دستیابی کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔ اِس بات کو یقینی بنانے کے لئے تبادلہ خیال ہوا کہ جموںوکشمیر یوٹی میں کم سے کم 33فیصد بیج کی تبدیلی شرح برقرار رہے۔دورانِ میٹنگ دھان ، گندم ، تیل کے بیج ، مکئی ، چارہ اور دالوں وغیرہ کے بریڈر بیجوں کی دستیابی کو یقینی بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ فی الحال اِضافی مانگ کو پور اکرنے کے لئے بریڈر بیجوں کو آئی سی اے آر اور سکاسٹ سے اِنڈینٹ کیا جاتا ہے ۔میٹنگ میں اِس بات پر اتفاق کیا گیا کہ علاقے میں مقامی استعمال کے لئے درکار بیج تیار کئے جائیں کیوں کہ وہ مقامی انفیکشن او ربیماریوں کے خلاف زیادہ مزاحم ہیں۔چیف ایڈیشنل سیکرٹری نے ہدایت دی کہ جموںوکشمیر کے علاقوں میں ہر ایک میں 50 پرائمری سیڈ پروڈیو سروں کو محکمہ کی طرف سے سخت معیار کی جانچ کے بعد موجودہ کیلنڈر سال کے اِختتام سے پہلے رجسٹر کیا جائے ۔ اِس کے بعد مارچ 2023 ء تک ہر علاقے میں اِس تعداد کو 100 پی ایس پی تک بڑھایا جانا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ نیشنل سیڈز کارپوریشن سے بیج بھی منگوائے جاسکتے ہیں اور اِس برس دسمبر تک ضروری مفاہمت نامے پر دستخط کئے جائیں گے تاکہ آئندہ خریف سیزن کے لئے بیجوں کی دستیابی کو یقینی بنایا جاسکے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے سرکاری نرسریوں کی صورتحال بہتر بنانے کے لئے جنگی بنیادوں پر کوششیں کرنے پر زور دیا ۔ اُنہوں نے زور دیا کہ اگر کوئی نرسری نیشنل ہارٹی کلچر بورڈ سر ٹیفکیشن حاصل کرنے میں ناکام رہتی ہے تو آفیسر اِنچارج کو اِس کے لئے جواب دہ بنایاجائے ۔اُنہوں نے سرکاری اور نجی دونوں شعبوں میں پودے لگانے کے مواد جیسے بڈنگ ، گرافٹنگ اور روٹ سٹاک کی دستیابی کا جائزہ لیا۔اَتل ڈولو نے کہا کہ محکمہ باغبانی کو ایسی نرسریوں سے پودے لگانے کا سامان نہیں لینا چاہیے جو نیشنل ہارٹی کلچر بورڈ سے منظور شدہ نہیں ہیں اور یاد دِلایا کہ ایسی نرسریوں سے خریداری کرنے والے اِنفرادی کسان بھی کسی محکمانہ سبسڈی کے لئے نااہل ہوں گے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے متعلقہ اَفسران سے کہا کہ وہ 300 ہیکٹر ہائی ڈینسٹی ایپل پلانٹیشن کے لئے لگ بھگ 10لاکھ پودوں کی دستیابی کو یقینی بنائیں ۔اُنہوں نے اُنہیں معیارکو یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی ۔گزشتہ دو برسوں سے قرنطینہ میں رکھے ہوئے امپورٹیڈ روٹ سٹاک کو بھی پودے لگانے کے لئے جاری کیاجائے گا۔میٹنگ میں سیکرٹری محکمہ زرعی پیداوار شبنم کاملی ، باغبانی جموں وکشمیر کے ڈائریکٹروں اوردیگر اَفسران نے شرکت کی۔










