اولڈ ٹائون بارہمولہ کے 697 بجلی صارفین کوانتباہ

بقایا بجلی فیس اداکریں،یاپولیس کاسامنا کریں:KPDCL

بارہمولہ//سری نگر ضلع کیلئے سرمائی بجلی کٹوتی شیڈول جاری کرنے کے ایک روز بعدکشمیر پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ KPDCLنے شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع کے اولڈ ٹاؤن علاقے میں بجلی کے واجبات کی ادائیگی نہ کرنے پر نادہندگان کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا ہے۔جے کے این ایس کے مطابق کے پی ڈی سی ایل کے ایک ذمہ دار کاحوالہ دیتے ہوئے ایک میڈیا رپورٹ میں بتایاگیاہے کہ کشمیر پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ KPDCL نے ایک سرکیولر جاری کیا ہے جس میں قصبہ بارہمولہ کے اولڈ ٹاؤن علاقے کے بجلی صارفین یافیس نادہندگان سے کہا گیا ہے کہ وہ زیر التواء بجلی کے بل ادا کریں ورنہ ان کیخلاف تھانے میں مقدمہ درج کیا جائے گا۔سرکیولر میں لکھاگیاہے کہ ’’تمام محلہ صدروں کو مطلع کیا جاتا ہے کہ اپنے محلہ کے ڈیفالٹر صارفین یعنی فیس نادہندگان کو مشورہ دیں کہ وہ اپنے زیر التواء بجلی کے بلوں کو فوری طور پر ادا کریں، بصورت دیگر نادہندگان کے خلاف پولیس اسٹیشن بارہمولہ میں ایف آئی آر درج کی جائے گی۔ میڈیا رپورٹ میں مذکورہ اہلکار یاافسر کاحوالہ دیتے ہوئے مزیدبتایاگیاہے کہ بارہمولہ ضلع کے اولڈ ٹاؤن علاقے میں سینکڑوں ایسے بجلی صارفین ہیں جنہوں نے پرانے شہر میں گزشتہ کئی سالوں سے بجلی کے واجبات ادا نہیں کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نادہندگان میں وہ لوگ بھی شامل ہیں جنہوں نے متعدد نوٹسوں کے باوجود6 ماہ سے10 سال تک بجلی کے واجبات جمع نہیں کرائے ہیں۔کشمیر پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ KPDCLاہلکار نے مزید کہا ہے کہ اولڈ ٹائون بارہمولہ میں کم از کم 697 صارفین نے گزشتہ کئی سالوں سے اپنے واجبات ادا نہیں کئے ہیں، جب کہ اب تک تقریباً130صارفین نے ایمنسٹی اسکیم کا فائدہ اٹھایا ہے۔