سڈنی/یو این آئی// آسٹریلیا کے ہیڈ کوچ اینڈریو میکڈونلڈ کا ماننا ہے کہ انگلینڈ کے سابق ٹسٹ کپتان بین اسٹوکس میں اب بھی اعلیٰ سطح کی کرکٹ کھیلنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے اور امکان ہے کہ نئے ہیڈ کوچ انہیں اگلے سال ایشز سیریز کے لیے سبکدوشی واپس لینے پر آمادہ کرنے کی کوشش کریں۔میکڈونلڈ نے چہارشنبہ کو ایک ریڈیو انٹرویو میں کہا کہ اگر اسٹوکس سبکدوشی ختم کرکے ایک بار پھر ایشز کھیلنے کا فیصلہ کرتے ہیں تو یہ کرکٹ شائقین کے لیے ایک خوبصورت کہانی ہوگی اور سیریز کی مقبولیت میں بھی اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اسٹوکس صرف 35 برس کے ہیں اور ان میں اب بھی کافی اچھی کرکٹ باقی ہے ۔ ان کے مطابق آسٹریلیا کے کئی اہم کھلاڑی، جن میں ناتھن لیون، اسٹیو اسمتھ، اسکاٹ بولینڈ، مچل اسٹارک اور جوش ہیزل ووڈ شامل ہیں، اسٹوکس سے زیادہ عمر کے ہونے کے باوجود ٹسٹ کرکٹ کھیل رہے ہیں۔میکڈونلڈ نے کہا کہ وہ انگلینڈ کے فیصلوں سے متعلق اندرونی معلومات نہیں رکھتے ، تاہم ان کا خیال ہے کہ نیا کوچ اسٹوکس سے واپسی کے بارے میں ضرور بات کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ اسٹوکس نے سبکدوشی کی حتمی وجہ واضح نہیں کی، لیکن اگر وہ واپس نہ بھی آئیں تو بھی ان کا کیریئر شاندار رہا ہے اور انہوں نے کئی یادگار اننگز اور تاریخی لمحات کرکٹ کو دیے ہیں۔واضح رہے کہ اسٹوکس اس وقت بھی ڈرہم کی جانب سے گھریلو کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ وہ 2022میں ونڈے کرکٹ سے سبکدوشی واپس لینے کے بعد 2023کے ورلڈ کپ کے لیے دوبارہ ٹیم میں واپس آئے تھے ، تاہم گزشتہ ماہ اپنے آخری ٹسٹکے بعد انہوں نے واضح کیا تھا کہ وہ ٹسٹکرکٹ سے سبکدوشی کے فیصلے پر قائم ہیں۔دوسری جانب، بین اسٹوکس اور برینڈن میک کولم کے جانے کے بعد انگلینڈ کی ٹیم اپنی پہلی ٹسٹ سیریز پاکستان کے خلاف کھیلے گی، جبکہ جسٹن لینگر اور ٹام موڈی کو مستقبل کے ہیڈ کوچ کے ممکنہ امیدواروں میں شمار کیا جا رہا ہے ۔ میکڈونلڈ نے کہا کہ آسٹریلیا پاکستان کے خلاف اس سیریز پر گہری نظر رکھے گا تاکہ اندازہ لگایا جا سکے کہ انگلینڈ کی نئی قیادت ٹیم کے اندازِ کھیل میں کوئی تبدیلی لاتی ہے یا نہیں۔پاکستان اس وقت ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیل رہی ہے ۔










