جاوید رانا نے جل شکتی ، جنگلات اور قبائلی امور محکموں میں جاری کاموںکیلئے فنڈز کے اِستعمال اور طبعی و مالی پیش رفت کا جائزہ لیا

جاوید رانا نے جل شکتی ، جنگلات اور قبائلی امور محکموں میں جاری کاموںکیلئے فنڈز کے اِستعمال اور طبعی و مالی پیش رفت کا جائزہ لیا

جاری سکیموں میں تیزی لانے ، ٹینڈرنگ کے عمل کو تیز کرنے اور فنڈز کے ضائع نہ ہونے کو یقینی بنانے کی ہدایت

سری نگر//وزیربرائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور محکمہ جات جاوید احمد رانا نے آج سری نگر میں سول سیکرٹریٹ میں ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی جس میں تینوں محکموں میں مختلف سکیموں کے تحت جاری کئے گئے فنڈز کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں فنڈز کی ضلع وار اور حلقہ وار مختص رقم اور اس کے اِستعمال کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ جاری کاموں کی طبعی ومالی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں ڈائریکٹر قبائلی امور، ڈائریکٹر ٹرائبل ریسرچ ا ِنسٹی چیوٹ، جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور محکموں کے ڈائریکٹرز فائنانس اور ڈائریکٹرز پلاننگ اینڈ سٹیٹسٹکس سمیت دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی۔وزیر نے ہر سکیم کے تحت فنڈز کی فراہمی، اخراجات اور کاموں کی پیش رفت کی صورتحال کا جائزہ لیا جس میں نئی منظور شدہ سکیمیں بھی شامل تھیں۔اِس موقعہ پر وزیر موصوف نے خطاب کرتے ہوئے زور دیا کہ محکموں کے پاس موجود فنڈز زمینی سطح پر نمایاں ترقیاتی کاموں کی صورت میں ظاہر ہونا چاہیے۔ اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دِی کہ وہ تمام جاری سکیموں پر عمل درآمد میں تیزی لائیں، نئی سکیموں کی صورتحال سے آگاہ کریں اور بغیر کسی تاخیر کے ان پر کام شروع کریں۔اُنہوں نے مزید ہدایت دی کہ کوئی بھی فنڈ ضائع نہیں ہونا چاہیے اور تمام مدات کے تحت اخراجات بڑھانے پر زور دیا۔ اُنہوں نے ٹینڈرنگ کے عمل کو تیز اور مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ کاموں کی الاٹمنٹ اور تکمیل میں کوئی رُکاوٹ نہ آئے۔جاوید رانانے مرمت و مینی ٹیننس (ایم اینڈ آر)کے کاموں کو ترجیح دینے کو بھی کہا تاکہ موجودہ بنیادی ڈھانچہ فعال رہے اور پانی ٹینکروں کی دستیابی او رمواد کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت دِی بالخصوص ان علاقوں میں جہاں پانی کی قلت کا سامنا ہے۔ اُنہوں نے مزید ہدایت دی کہ اَپ گریڈیشن کے کام شروع کئے جائیں اور فنڈز کا دانشمندانہ استعمال کیا جائے نیز کاموں کی آسانی سے تکمیل کے لئے فیلڈ فارمیشنز کو مشینری اور آلات فراہم کئے جائیں۔اُنہوں نے معیار اور جوابدہی پر زور دیتے ہوئے باقاعدہ فیلڈ معائینے اور ہر ضلع اور حلقے کے لئے طبعی و مالی پیش رفت کا احاطہ کرنے والی ایک جامع اسٹیٹس رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت دی۔ وزیر نے کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کے فوائد ہر حلقے تک پہنچیں اور محکموں کو درست سمت پر گامزن رکھنے کے لئے باقاعدہ جائزے کا عمل جاری رہے گا۔