جموں//محکمہ زراعت کی پیداوار کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ( اے سی ایس ) اتل ڈولو نے آج سول سیکرٹریٹ میں زراعت اور دیگر متعلقہ شعبوں میں ’ بیجوں ‘ کی دستیابی کا جائیزہ لینے کیلئے ایک میٹنگ طلب کی ۔ ڈائریکٹر ایگریکلچر کشمیر نے اے سی ایس کو ایگروسٹولوجی ، آلو کی ترقی ، بیج کی پیداوار اور فلوریکلچر کی ترقی اور ان کی متعلقہ کامیابیوں سے آگاہ کیا ۔ اسی طرح جموں سے ڈائریکٹر نے اے سی ایس کو دالوں ، دھان ، گندم ، تیل کے بیجوں وغیرہ کیلئے بیج کی دستیابی سے آگاہ کیا ۔ اے سی ایس کو نابارڈ سیکٹر کے علاقوں کیلئے جاری اور آنے والے منصوبوں کی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا گیا ۔ انہوںنے افسران کو ہدایت دی کہ وہ اپنے فارموںکی مناسب دیکھ بھال کریں اور ان کے انچارج افسران کا احتساب کریں ۔ باغبانی سیکٹر میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری کو کشمیر سے نرسریوں ، باغات اور فارموں کی تفصیلات دی گئیں ۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ ان میں سے 33 نرسریوں نے بھی ایکریڈیشن حاصل کر لیا ہے ۔ جائیزہ لینے کے بعد ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے افسران کو تخمینہ تیار کرنے اور جنوری کے بعد سے علاقے میں پودے لگانے کیلئے جڑوں کے اسٹاک کا بندوبست کرنے کی ہدایت دی ۔ اتل ڈولو نے کشمیر میں تقریباً 300 ہیکٹر اراضی کیلئے اعلیٰ کثافت پودے لگانے کے مواد کی دستیابی کے بارے میں دریافت کیا ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے باغبانی فارموں اور جموں خطے کی 69 نرسریوں کی حالت کا بھی جائیزہ لیا ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے جانوروں کے فارموں سے متعلق زمینی تنازعات کے فوری حل اور ان کی مضبوطی کیلئے نئے بیلوں کی خریداری کیلئے ہدایات جاری کیں ۔ مسٹر اتل ڈولو نے یو ٹی کے دونوں خطوں میں بھیڑ پالنے کے شعبے کی حالت کا جائیزہ لیا ۔ ماہی پروری اور سیری کلچر کے محکموں کے سربراہان نے بھی اپنے اپنے فارموں کی حالت کے بارے میں معلومات فراہم کیں ۔ تمام محکموں کو ہدایت دی گئی کہ وہ گذشتہ تین برسوں کی پیداوار اور بیج کی دستیابی کا ڈیٹا پیش کریں ۔ میٹنگ میں زراعت ، باغبانی ، ریشم ، بھیڑ پالنے اور ماہی پروری کے محکموں کے سربراہان کے علاوہ ان کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی ۔










