غیرمستحق راشن کارڈ ہولڈروں کی اُلٹی گنتی شروع ، دوبارہ تصدیق کے احکامات جاری
سری نگر//محکمہ خوراک ،سیول سپلائز اورامور صارفین نے AAYاورPHHزمرے میں آنے والے راشن کارڈہولڈروںکی سرنو چھان بین یادوبارہ تصدیق کرنے کے احکامات جاری کردئیے ہیں،کیونکہ محکمہ ھٰذا کوایسی کئی شکایات موصول ہوئی ہیں کہ غریبی کی سطح سے نیچے زندگی گزارنے اور کم آمدنی والے صارفین کیلئے مخصوص ان دونوں زمروںمیں غیر مستحق افراد نے بھی راشن کارڈ حاصل کئے ہیں ۔جے کے این ایس کے مطابق کشمیروادی میں لاکھوں صارفین کو سرکاری راشن ڈیپوئوںسے ماہانہ بنیاد پرچاول فراہم کیا جاتاہے ،اور اس کیلئے صارفین مخصوص راشن کارڈ حاصل کرتے ہیں ۔راشن کارڈAPLاورBPLزمروں میں آنے والے لوگوں کیلئے زیادہ تر حکومت کے فوائد لینے کے لئے ایک ضروری دستاویز ہے۔ جموں و کشمیر میں مختلف اسکیموں کے تحت راشن کارڈ ہولڈر ہی آس پاس کی راشن کی دکانوں یا سرکاری ڈیپوئوںسے سبسڈی والے نرخوں پر راشن(چاول) خرید سکتے ہیں۔رجسٹرڈ صارفین کو الگ الگ زمروںمیں رکھاگیا ہے اوراسی حساب سے اُن کے حق میں راشن کارڈ اجراء کئے گئے ہیں یاکہ اجرا کئے جاتے ہیں ۔چونکہ AAYاورPHHزمرے میں آنے والے صارفین کو کافی کم نرخوں پرراشن فراہم کیا جاتاہے اوریہ کہ سال2020سے مرکزی سرکار کی جانب سے ان دونوں زمروںمیں آنے والے صارفین کو فی راشن کارڈ 5کلو گرام راشن مفت فراہم کیا جاتاہے ،اسلئے زیادہ سے زیادہ صارفین نے اے اے وائی اوربی پی ایل والے راشن کارڈ لئے ہیں ۔ایک اندازے کے مطابق کشمیر وادی میں ان دونوں زمروںمیں آنے والے راشن کارڈ ہولڈروںکی تعدادتقریباً16لاکھ بنتی ہے ،جن میں سے 9لاکھ86ہزار434نے BPLکے تحت راشن کارڈ حاصل کئے ہیں اورباقی5لاکھ85ہزار827صارفین نے AAYزمرے میں راشن کارڈ لئے ہیں ۔محکمہ خوراک ،سیول سپلائز اور امور صارفین کو یہ شکایات ملی ہیں کہ غیر مستحق افراد یاکنبوںکی ایک بڑی تعداد بھی AAYاورBPLراشن کارڈ لینے میں کامیاب ہوگئی ہے ،اسلئے محکمہ ھٰذا نے اے اے وائی اوربی پی ایل راشن کارڈ ہولڈروںکی سرنو چھان بین یا دوبارہ تصدیق کرنے کے احکامات جاری کردئیے ہیں۔اس سلسلے میں جوائنٹ ڈائریکٹرمحکمہ خوراک ،سیول سپلائز اور امور صارفین کشمیر کی جانب سے 11،اگست2023کو ایک آرڈر یاحکم جاری کردیا،جس میں محکمہ کے تمام اسسٹنٹ ڈائریکٹروں سے کہاگیاہے کہ وہ اپنی حدودیادائرہ اختیار میں آنے والے علاقوں یعنی راشن ڈیپوئوں میں درج یارجسٹر شدہ بی پی ایل اور اے اے وائی راشن کارڈ ہولڈروں کی دوبارہ تصدیق مقررہ وقت میں مکمل کریں ۔انہوںنے ایک خط ،ایک پریس بیان اور2سرکیولروں کا حوالہ دیتے ہوئے تمام اسسٹنٹ ڈائریکٹروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ غیر مستحق صارفین یعنی راشن کارڈ ہولڈروںکا پتہ لگانے کیلئے PHHاورAAYکے تحت اجراء شدہ راشن کارڈوں کی سرنو یا دوبارہ تصدیق کریں۔متعلقہ جوائنٹ ڈائریکٹر نے اپنے جاری کردہ آرڈرمیں کہاہے کہ AAYاورPHHزمرے کے غیرمستحق راشن کارڈہولڈروںکا پتہ لگاکر اُن کے حق میں جاری کردہ ایسے راشن کارڈمنسوخ کریں ۔










