کئی میڈیکل شاپس پر چھاپے، کولڈڈرف سمیت ممنوعہ سیرپ ضبط
سرینگر// یو این ایس / ممنوعہ کف سیرپ ’کولڈڈرف ‘سمیت دیگر ممنوعہ ادویات کو بازاروں سے ہٹانے اور غیر قانونی طور ادویہ کے کاروبار پر لگام کسنے کیلئے ڈرگ کنٹرول محکمہ کی جانب سے وادی بھر میں مہم چھیڑی گئی ہے ۔اس حوالے سے بارہمولہ ڈرگ کنٹرول آفس کی جانب سے سوپور اور بارہمولہ کے کئی علاقوں میں چھاپے مارے جارہے ہیں ۔یو این ایس کو ملی اطلاعات کے مطابق وادی کشمیر میں ممنوعہ ادویات کی غیر قانونی فروخت پر روک لگانے اور صحت عامہ کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ڈرگ کنٹرول محکمہ نے وادی بھر میں سخت مہم شروع کی ہے۔ اس مہم کے تحت بارہمولہ اور سوپور کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے گئے، جہاں سے ممنوعہ کھانسی کے سیرپ سمیت دیگر غیر قانونی دوائیاں ضبط کی گئیں۔ڈرگ کنٹرول آفس بارہمولہ کی ٹیم نے جمعرات کو سوپور کے پنجی پورہ علاقے میں ایک میڈیکل شاپ کو سیل کر دیا، جس پر بغیر لائسنس کے دواخانہ چلانے کا الزام تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ دکان سے کچھ مشتبہ ادویات بھی برآمد کی گئیں، جن کی جانچ کی جا رہی ہے۔اس کے علاوہ جمعہ کے روز بھی سوپور اور بارہمولہ کے کئی علاقوں میں چھاپوں کا سلسلہ جاری رہا، جہاں ممنوعہ سیرپ جیسے ’کولڈڈرف‘ کو ضبط کیا گیا۔ کارروائی کے دوران دیگر کئی ممنوعہ ادویات بھی برآمد ہوئیں، جنہیں موقع پر ہی ضبط کیا گیا۔ڈرگ انسپکٹرز نے کئی میڈیکل شاپ مالکان کو تنبیہ کی کہ وہ ادویات کی خرید و فروخت میں قوانین کی مکمل پاسداری کریں، بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ بغیر لائسنس دوا فروشی، اور ممنوعہ یا نشہ آور ادویات کی غیر قانونی فروخت، نوجوانوں میں منشیات کے رجحان کو بڑھاوا دے رہی ہے، جس پر کسی بھی صورت میں سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔محکمہ نے اعلان کیا ہے کہ یہ مہم آئندہ دنوں میں بھی جاری رہے گی تاکہ صحت کے شعبے میں بدعنوانی اور غیر قانونی سرگرمیوں کا خاتمہ کیا جا سکے۔










